چیف منسٹر سے متعلق کویتا کے الزامات بے بنیاد: وینکٹ ریڈی

   

Ferty9 Clinic

بی آر ایس میں موجودگی سے متعلق وضاحت کرنے ریاستی وزیر کا مطالبہ
حیدرآباد ۔2 ۔ جنوری (سیاست نیوز) وزیر عمارات و شوارع کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کے خلاف تلنگانہ جاگرتی سربراہ کویتا کے بیان پر شدید ردعمل کا اظہار کیا۔ میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے وینکٹ ریڈی نے کہا کہ کویتا کو واضح کرنا چاہئے کہ وہ بی آر ایس میں شامل ہیں یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کی جانب سے کے سی آر سے متعلق ریمارکس پر کویتا نے فوری ردعمل ظاہر کیا ہے لیکن ہریش راؤ کے بارے میں کئے گئے ریمارکس پر خاموش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کویتا اپنے بیانات کے ذریعہ کے سی آر سے قربت رکھنے والے قائدین کو دور کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کو روزانہ اسمبلی میں حاضر ہونے کا مشورہ ٹھیک ہے لیکن کویتا کے اس بیان سے پارٹی کی ابتر صورتحال کا اندازہ ہوتا ہے۔ پالمور رنگا ریڈی پراجکٹ کے بارے میں کویتا نے بی آر ایس کی جانب سے حکومت پر عائد کئے جانے والے الزامات کی تردید کی ہے ۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ کویتا کو کے سی آر دور حکومت میں نلگنڈہ سے ناانصافیوں کا بھی ذکر کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ تحریک کے دوران وزارت سے استعفیٰ دیتے ہوئے تحریک میں شمولیت اختیار کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ کویتا نے وزارت کے بارے میں جو بیان دیا ہے ، وہ بے بنیاد ہے۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ آبپاشی پراجکٹس کے بارے میں کویتا نے بی آر ایس حکومت کی ناکامیوں کو اجاگر کیا ہے۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ وزارت کے مسئلہ پر ان کے اپنے بھائی راج گوپال ریڈی سے کوئی اختلافات نہیں ہیں۔1