چیف منسٹر صرف 15 استفادگان میں راحت بندھو چیکس تقسیم کرینگے

   

چیف سکریٹری کا جائزہ اجلاس، اسکیم پر شکوک و شبہات میں نہ رہے عوام سے اپیل
حیدرآباد ۔ 14 اگست (سیاست نیوز) چیف سکریٹری سومیش کمار نے دلت بندھو اسکیم کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ یہ ریاستی سطح کی اسکیم ہے۔ تاہم چیف منسٹر کے سی آر 16 اگست کو حضورآباد میں اسکیم کا آغاز کرتے ہوئے صرف 15 استفادگان میں فی کس 10 لاکھ روپئے کے چیکس تقسیم کریں گے۔ چیف سکریٹری نے کلکٹر کریم نگر اور ایس سی طبقہ ویلفیر ڈپارٹمنٹ کے سکریٹری راہول بوجہ کے ساتھ ایک جائزہ اجلاس طلب کیا اور خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت کی باوقار اسکیم ہے جس پر ریاستی سطح پر عمل کیا جائے گا۔ اسکیم پر عوام کو شکوک میں مبتلا ہونے کی ہرگز ضرورت نہیں ہے۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ ایس سی طبقہ کو فائدہ پہنچانے کیلئے چیف منسٹر نے مثالی اسکیم کو روشناس کرایا ہے جس کی سارے ملک میں کہیں پر بھی نظیر نہیں ملتی۔ ایس سی طبقہ کو روزگار فراہم کرنے میں یہ اسکیم معاون و مددگار ثابت ہوگی۔ صرف اسمبلی حلقہ حضورآباد میں ہی نہیں بلکہ ریاست کے 119 اسمبلی حلقوں میں اس اسکیم پر عمل آوری کی جائے گی۔ مستحق دلت طبقات کی حکومت کے پاس فہرست موجود ہے۔ اس اسکیم پر عمل آوری کیلئے دیہی سطح پر کوآرڈینیٹرس موجود ہیں۔ گرام سبھاؤں کے ذریعہ اہل امیدواروں کا سب کے سامنے انتخاب کیا جائے گا۔ دلتوں کو مختلف اسکیمات کے تحت 10 لاکھ روپئے سے خودروزگار حاصل کرنے کے معاملے میں بھی شعور بیدار کیا جائے گا۔