مندر میں اہلیہ کے ساتھ خصوصی پوجا، نظام ساگر کو پانی کی سربراہی کا منصوبہ
حیدرآباد۔ چیف منسٹرکے چندر شیکھر راؤ نے کالیشورم پراجکٹ کی تکمیل اور پراجکٹ سے منصوبہ کے مطابق بلاوقفہ پانی کے پمپ ہونے پر مسرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے پراجکٹ کی بہتر کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے عہدیداروں اور انجینئرس کی ستائش کی۔ چیف منسٹر نے آج ریاستی وزراء، عوامی نمائندوں اور اعلیٰ عہدیداروں کے ہمراہ کالیشورم لفٹ اریگیشن اسکیم کا معائنہ کیا۔ چیف منسٹر نے کئی گھنٹوں تک پراجکٹ کے مختلف گوشوں کا معائنہ کرتے ہوئے کارکردگی کا جائزہ لیا۔ چیف منسٹر اور ان کی شریک حیات شریمتی شوبھا نے کالیشورم مکتیشور سوامی مندر میں خصوصی پوجا کی۔ دونوں نے پشکر گھاٹ پر گوداوری دریا میں پھول کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے گوداوری دریا کو روایتی ہلدی، زعفران اور سکے پیش کئے۔ چیف منسٹر نے محکمہ آبپاشی کے عہدیداروں اور کالیشورم پراجکٹ کی تکمیل میں مصروف ایجنسیوں کو مبارکباد پیش کی۔ چیف منسٹر نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ جاریہ سال موسم گرما میں ریاست کے تالابوں اور دیگر آبی ذخائر کو ان کی مکمل گنجائش تک بھردیں۔ چیف منسٹر نے ہدایت دی کہ متعلقہ عہدیدار ہر پراجکٹ کیلئے آپریشنل گائیڈ لائنس وضع کریں۔ انہوں نے کالیشورم پراجکٹ کی طرح ریاست کے دیگر بڑے پراجکٹس کی عاجلانہ تکمیل کی خواہش ظاہر کی۔چیف منسٹر نے میڈی گڈہ پراجکٹ پر تعمیر کردہ لکشمی بیاریج کا دورہ کیا۔چیف منسٹر نے اس موقع پر پراجکٹ کی تعمیر کے دوران پیش آئے تجربات کو یاد کیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ تلنگانہ کے کاشتکار کئی دہائیوں سے مشکلات کا سامنا کررہے ہیں۔ ہم نے یہ تہیہ کیا تھا کہ تلنگانہ کی تشکیل کے فوری بعد کسانوں کو دو فصلوں کی کاشت کیلئے مناسب مقدار میں پانی سربراہ کیا جائے۔ دریائے گوداوری اور پرانہیتا کے ملنے کے مقام پر بیاریج کی تعمیر کی حکمت عملی تیار کی گئی ہے تاکہ طویل مدت تک پانی کی زائد مقدار کو پمپ کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ 16.17 ٹی ایم سی پانی کے ذخیرہ کی گنجائش کے ساتھ 100 میٹرس کی اونچائی پر بیاریج تعمیر کیا جائے تو ایک سال میں 7 ماہ تک پانی پمپ کیا جاسکتا ہے۔ میڈی گڈہ سے پانی ہر سال ایلم پلی، میڈ مانیر، ایل ایم ڈی، ملنا ساگر، کونڈہ پوچماں ساگر، بسوا پوراور گنڈاملا ذخائر کو پہنچایا جائے گا۔ کالیشورم سے نظام ساگر کو پانی کی سربراہی کے انتظامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کالیشورم پراجکٹ نے تلنگانہ کی آبپاشی کے نقشہ کو ایک نئی شکل دی ہے۔ ہم نے ایک یگنم کی طرح کالیشورم پراجکٹ کی تعمیر کا کام شروع کیا جس میں ہزاروں ورکرس نے 50 ڈگری درجہ حرارت میں سال کے 365 دن مشقت کی۔ چیف منسٹر کے ہمراہ وزراء کے ایشور، جی کملاکر، دیاکر راؤ، مشیر حکومت راجیو شرما، چیف سکریٹری سومیش کمار، ڈی جی پی مہیندر ریڈی، پرنسپل سکریٹری آبپاشی رجت کمار، چیف منسٹر آفس کی سکریٹری سمیتا سبھروال، رکن پارلیمنٹ وینکٹیش اور عوامی نمائندوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔