چیف منسٹر نے کالیشورم پراجیکٹ کا معائنہ کیا

   

لکشمی بیاریج پر فلڈ گیٹس نصب کرنے حکام کو ہدایت
حیدرآباد ۔ /13 فبروری ( پی ٹی آئی ) چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راو نے آج عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ کالیشورم پراجیکٹ کے لکشمی بیاریج میں آئندہ مانسون سیزن کے دوران فلڈ گیٹس گھولنے کا سسٹم نصب کریں۔ چندر شیکھر راو نے آج کریمنگر کے قریب کالیشورم پراجیکٹ کا معائنہ کیا اور انہوں نے انجینئرنگ عہدیداروں کو کئی تجاویز بھی پیش کیں۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ آئندہ مانسون سیزن کے دوران فلڈ گیٹس کی تنصیب کو یقینی بنائیں تاکہ ضرورت پڑنے پر لکشمی بیاریج پر ان گیٹس کو اٹھایا جاسکے ۔ چیف منسٹر کے دفتر سے جاری ایک اعلامیہ میں یہ بات بتائی گئی ۔ کے سی آر نے کہا کہ یہ انجینئرس کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ وقفہ وقفہ سے بیاریج سے پانی کی نکاسی بھی ہو اور پھر بیاریج میں پانی کی سطح بھی پوری رہے ۔ انہوں نے کہا کہ سری رام ساگر پراجیکٹ کے بھر نے ‘ کالیشورم پراجیکٹ کے تحت بیاریجس میں پانی جمع ہونے ‘ ذخائر آب و کنالس کی سطح بھرنے اور پھر مکمل زرعی اراضیات کو سیراب کرنے کے عمل کی مکمل نگرانی کی جانی چاہئے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر تعاون و تال میل سے کام کیا جائے تو گوداوری ندی کے دستیاب پانی کا 100 فیصد استعمال کیا جاسکتا ہے ۔ اپنے دورہ کے بعد چیف منسٹر نے کریمنگر میں عہدیداروں کا ایک اجلاس بھی منعقد کیا ۔ کالیشورم لفٹ اریگیشن پراجیکٹ کا گذشتہ سال جولائی میں آغاز کیا گیا تھا ۔ یہ پراجیکٹ 80 ہزار کروڑ کے صرفہ سے تیار کیا گیا ہے ۔