سنٹرل جیل کے مقام پر سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹل کا سنگ بنیاد، ورنگل کو تعلیمی اور طبی مرکز میں تبدیل کرنے کا اعلان
حیدرآباد: چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج ورنگل اربن ضلع کا دورہ کیا اور مختلف ترقیاتی پروگراموں میں حصہ لیا۔ چیف منسٹر نے ورنگل کی قدیم سنٹرل جیل کے مقام پر تعمیر کئے جانے والے ملٹی سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹل کا سنگ بنیاد رکھا۔ انہوں نے کالوجی نارائن راؤ یونیورسٹی آف ہیلت سائنسیس کے ایڈمنسٹریٹیو بلاک کا افتتاح انجام دیا۔ چیف منسٹر نے انٹیگریٹیڈ ڈسٹرکٹ کلکٹریٹ کامپلکس کی عمارت کا افتتاح کیا ۔ چیف منسٹر حیدرآباد سے بذریعہ ہیلی کاپٹر ہنمکنڈہ کے آرٹس اینڈ سائنس کالج میں تیار کردہ ہیلی پیاڈ پہنچے جہاں ریاستی وزراء عوامی نمائندوں اور عہدیداروں نے استقبال کیا۔ چیف منسٹر نے پروفیسر جئے شنکر اور کالوجی نارائن راؤ کے مجسموں پر پھول نچھاور کرتے ہوئے خراج عقیدت پیش کیا۔ کالوجی نارائن راؤ ہیلت یونیورسٹی کے پانچ منزلہ ایڈمنسٹریٹیو بلاک کو 25 کروڑ کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے ۔ سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹل 24 منزلوں پر مشتمل ہوگا اور آخری فلور پر ہیلی پیاڈ اور ایر ایمبولنس لینڈنگ کی سہولت رہے گی۔ کلکٹریٹ کامپلکس کے افتتاح کے بعد خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ ورنگل شہر کو تعلیم اور صحت کے بڑے مرکز میں تبدیل کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہاکہ ملٹی سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹل کے قیام سے ضلع میں عوام کو بہتر طبی سہولتیں حاصل ہوں گی۔ ریاستی وزراء اور عوامی نمائندوں کو ہاسپٹل کی عاجلانہ تعمیر کے سلسلہ میں دلچسپی کا مظاہرہ کرنا چاہئے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ورنگل کو صنعتوں کے مرکز میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ یہاں بڑے تعلیمی اور طبی اداروں کے علاوہ صنعتی اداروں کے قیام پر توجہ دی جائے گی ۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ عالمی معیار کی انفراسٹرکچر سہولتیں حاصل کریں تاکہ ہاسپٹل کی خدمات ریاست کے لئے مثالی ثابت ہوں۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کے علاج کیلئے نیلوفر ہاسپٹل کی طرز پر چلڈرن ہاسپٹل قائم کیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ورنگل میں ڈینٹل کالج اور ڈینٹل ہاسپٹل کے قیام کی منظوری دی جارہی ہے۔ حیدرآباد سے ورنگل پہنچ کر تعلیمی اور طبی سہولتوں سے استفادہ کیلئے عوام آسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ورنگل اربن کی ترقی کے لئے کئی اقدامات کئے گئے ہیں اور پینے کے پانی کے مسئلہ کی یکسوئی کردی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ورنگل میں آئی ٹی کمپنیوں کے قیام کے اقدامات کئے جائیں گے۔ چیف منسٹر کے ہمراہ چیف سکریٹری سومیش کمار ، ریاستی وزراء ای دیاکر راو ، ستیہ وتی راتھوڑ ، پرشانت ریڈی ، میئر جی سدھا رانی کے علاوہ متحدہ ورنگل ضلع کے عوامی نمائندے اور ضلع کلکٹر موجود تھے ۔ کلکٹریٹ کامپلکس 6.73 ایکر اراضی پر محیط ہے جبکہ سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹل 60 ایکر اراضی پر محیط رہے گا۔