حیدرآباد: 20 جون (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو 22 جون کو کولور میں تعمیر کردہ ڈبل بیڈروم مکانات کا افتتاح کریں گے۔ غریبوں کے لیے شہر کے مضافاتی علاقہ میں 15600 مکانات تعمیر کئے گئے ہیں جن میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا۔ وزیر عمارات و شوارع پرشانت ریڈی نے آج عہدیداروں کے ساتھ ڈبل بیڈروم مکانات کا معائنہ کیا اور چیف منسٹر کے پروگرام کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ آخری مراحل کے کاموں کی جنگی خطوط پر تکمیل کریں۔ کولور ڈبل بیڈروم کامپلکس ریاست کا اب تک کا سب سے بڑا رہائشی کامپلکس ہے اور ایشیاء میں مثالی ماڈل رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما رائو کی خصوصی دلچسپی سے ڈبل بیڈروم مکانات تعمیر کئے گئے۔ چیف منسٹر 22 جون کو صبح 10 بجے افتتاح انجام دیں گے۔ غریبوں کے لیے حکومت صد فیصد سبسیڈی فراہم کررہی ہے۔ اس موقع پر ایچ ایم ڈی اے کمشنر اروند کمار، کمشنر جی ایچ ایم سی لوکیش کمار، کمشنر سائبر آباد اسٹیفن رویندر اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔