بنگلور: کرناٹک میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو اپنے دم پر اقتدار میں لانے والے چیف منسٹر بی ایس یدی یورپا آج مستعفی ہوگئے ۔ اُنھوں نے صبح میں اعلان کیا کہ وہ رضاکارانہ طورپر اپنے عہدے سے سبکدوش ہورہے ہیں ۔ اور وزیراعظم نریندر مودی نیز وزیرداخلہ امیت شاہ کا شکریہ ادا کیا کہ اُنھیں 75 سال کی عمر کے باوجود وزارت اعلیٰ پر فائز رہنے کی اجازت دی گئی ۔ اُنھوں نے کہاکہ مستقبل میں وہ پارٹی کے فروغ کے سلسلے میں سرگرم عمل رہیں گے ۔ بعد ازاں 78 سالہ یدی یورپا نے گورنر تھاور چند گہلوت سے راج بھون میں ملاقات کرتے ہوئے اُنھیں اپنا مکتوب استعفیٰ پیش کیا ۔ گورنر نے اُنھیں عبوری چیف منسٹر کی حیثیت سے برقرار رہنے کی ہدایت دی تاوقتیکہ نیا انتظام نہیں ہوجاتا ۔ یدی یورپا نے خصوصیت سے کہا کہ استعفیٰ کیلئے اُن پر پارٹی کی مرکزی قیادت سے کوئی دباؤ نہیں رہا ۔ اُنھوں نے بتایا کہ دہلی سے کوئی دباؤ نہیں ڈالا گیا ، میں نے چیف منسٹر کی حیثیت سے جاریہ میعاد کے دو سال کی تکمیل پر استعفیٰ کا ارادہ کیا تھا اور اُس پر عمل کیا ۔ اُن کے مستعفی ہونے کے بعد پارٹی کے مرکزی لیڈران کی جانب سے جلد ہی ریاست کے نئے لیڈر کے نام کا اعلان کئے جانے کا امکان ہے ۔ سرکاری ذرائع کے مطابق، یدی یورپا کی جگہ لینے کے لئے کئی نام گردش کررہے ہیں، جن میں مرکزی وزیر پرہلاد جوشی، کرناٹک اسمبلی کے اسپیکر وشویشور ہیگڑے، ریاستی وزیر داخلہ ایس آر بومئی، کان کنی کے وزیر مورگیس نیرانی اور چند دیگر لیڈروں کے نام شامل ہیں۔ بی جے پی کے ایک سینئر کارکن نے بتایا کہ بی جے پی کے جن مرکزی لیڈروں نے یدی یورپا کو عہدہ چھوڑنے کی ہدایت دی ہے ان کی تجویز میں کوئی حتمی نام ہونا چاہئے اور وہ بہت جلد اس کا اعلان کرسکتے ہیں۔گورنر ہاؤس میں گورنر ٹی سی گہلوت کو اپنا استعفیٰ پیش کرنے کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے یدی یورپا نے کہا کہ گورنر نے میرا استعفیٰ قبول کرلیا ہے اور متبادل انتظام ہونے تک انہیں کام جاری رکھنے کا حکم دیا ہے۔وزیر اعلی کی حیثیت سے دو سال مکمل ہونے کے موقع پر منعقدہ تقریب میں یدی یورپا نے استعفیٰ دینے کے اپنے فیصلے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے عوام خصوصا ان کے اپنے حلقہ شکاری پور کے عوام نے انہیں اپنے پانچ دہائیوں کے سیاسی کیریئر میں بے حد پیار اور محبتوں سے نوازا ہے ۔انہوں نے اپنے دور اقتدار میں بھر پور حمایت اور تعاون دینے پر وزیر اعظم نریندر مودی، بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قومی صدر جے پی نڈا اور پارٹی کے دیگر سینئر لیڈروں کا بھی شکریہ ادا کیا۔بہرحال یدی یورپا کے آج استعفیٰ کے اعلان نے ایک ہفتے سے جاری سسپنس کو ختم کردیا ۔