بنگلورو: ہندوستان میں کسی عام آدمی کو کسی عدالتی مقدمہ سے بری کرنا ہو یا کرانا ہو ، اِس کے لئے اُس فرد اور متعلقین کو کافی پاپڑ بیلنے پڑتے ہیں۔ تاہم آج کرناٹک سے ایک ایسی خبر ہے جو اِس رجحان کی ضد ہے۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ کریمنل کیس بھی ہو تو اس سے بہ آسانی پیچھا چھڑایا جاسکتا ہے بشرطیکہ آپ برسر اقتدار بی جے پی کے لیجسلیٹر ہوں۔ چیف منسٹر بی ایس یدی یورپا کی بی جے پی حکومت نے اپنے ایم پیز اور ایم ایل ایز کیخلاف 62 فوجداری شکایات سے دستبرداری کا فیصلہ کیا ہے۔ ریاستی حکومت نے یہ اقدام وزیرداخلہ بسواراج بومئی زیرقیادت ذیلی کمیٹی کی سفارش پر کیا ہے۔ 62 شکایات میں کئی موجودہ وزراء کے خلاف مقدمات بھی ہیں جو واپس لے لئے گئے۔