چیف منسٹر کی سالگرہ کیلئے اقلیتی اقامتی اسکولوں میں تقاریب کا اہتمام افسوسناک

   

تلنگانہ دینے والے پولیس اسٹیشن میں بند، پبلسٹی پر سینکڑوں کروڑ خرچ : محمد علی شبیر
حیدرآباد 17 فروری (سیاست نیوز) سابق اپوزیشن لیڈر محمد علی شبیر نے چیف منسٹر کے سی آر کی سالگرہ کے موقع پر سرکاری خزانے کے بیجا استعمال کا الزام عائد کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ تلنگانہ اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی نے تمام اسکولوں اور جونیر کالجس کے پرنسپلس کو چیف منسٹر کی سالگرہ منانے کی ہدایت دی اور ہر اسکول کالج کے لئے 10 ہزار روپئے منظور کئے گئے تاکہ مٹھائی، شجرکاری، گیمز اور ایوارڈس پر خرچ کئے جائیں۔ تلنگانہ کی تشکیل اور چیف منسٹر کے کارناموں کو اُجاگر کرنے کی ہدایت دی گئی۔ محمد علی شبیر نے کہاکہ سرکاری خزانے سے چیف منسٹر کی سالگرہ کا اہتمام عوامی رقومات کا غلط استعمال ہے۔ عوام ٹیکس ادا کررہے ہیں اور اُن کی رقم کو چیف منسٹر کی سالگرہ کے لئے کس طرح خرچ کیا جاسکتا ہے۔ اُنھوں نے سرکاری تعلیمی اداروں میں ٹی آر ایس پروپگنڈہ کرنے اور تعلیم کو سیاسی رنگ دینے کی مذمت کی۔ اُنھوں نے کہاکہ غریب اور متوسط طبقات کے طلبہ اقامتی اسکولوں میں زیرتعلیم ہیں۔ اُنھیں تعلیم کے بجائے حکومت کے جھوٹے کارناموں سے واقف کرانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ محمد علی شبیر نے کہاکہ سیاسی قائدین اپنے یا اپنے حامیوں کے اخراجات پر اپنی سالگرہ مناتے ہیں لیکن کے سی آر نے تلنگانہ کو اپنی جاگیر تصور کرلیا ہے اور سرکاری خزانے کو اپنی شہرت کے لئے استعمال کررہے ہیں۔ اُنھوں نے شمالی کوریا کے ڈکٹیٹر کم جان اُن کا حوالہ دیا جنھوں نے اپنے والد کی 80 ویں سالگرہ دھوم دھام سے سرکاری سطح پر منائی۔ اُنھوں نے کہاکہ اشتہارات اور دیگر پبلسٹی سرگرمیوں پر سینکڑوں کروڑ روپئے خرچ کئے گئے۔ اُنھوں نے صدر پردیش کانگریس اور دیگر قائدین کی گرفتاری کی مذمت کی اور کہاکہ تلنگانہ دینے والے قائدین پولیس اسٹیشنوں میں بند رہے جبکہ تلنگانہ کے نام پر اپنی جیب بھرنے والے سالگرہ کا جشن منارہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ بیروزگار نوجوانوں کے حق میں کانگریس میں احتجاج میں شدت پیدا کرے گی۔ ر