چیف منسٹر کی سالگرہ کے موقع پر ایک گھنٹہ میں ایک کروڑ پودوں کی شجرکاری

   


کے ٹی آر نے مہم کا پوسٹر جاری کیا، وزراء اور عوامی نمائندے حصہ لیں گے

حیدرآباد۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی سالگرہ کے موقع پر ایک گھنٹہ میں ایک کروڑ پودوں کی شجرکاری کے ذریعہ چیف منسٹر کو تحفہ پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ گرین انڈیا چیلنج کے تحت رکن راجیہ سبھا جے سنتوش کمار نے یہ منفرد منصوبہ بنایا ہے اور 17 فروری کو صبح 10 بجے ریاست گیر سطح پر شجرکاری کے پروگرام کا آغاز ہوگا۔ ایک دن میں ایک کروڑ پودے لگانے کی تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے ریاستی وزراء محمد محمود علی اور سرینواس یادو کے ہمراہ پروگرام کا پوسٹر جاری کیا۔ منتظمین کے مطابق یہ پروگرام صبح 10 بجے شروع ہوگا اور ایک گھنٹہ میں ایک کروڑ پودے لگائے جائیں گے۔ کے ٹی راما راؤ نے تمام سطح سے تعلق رکھنے والے عوامی نمائندوں کو اس پروگرام میں شرکت کا مشورہ دیا ہے۔ انہوں نے اس منفرد مہم کے آغاز پر سنتوش کمار کی ستائش کی۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ہر گاؤں میں سرپنچوں کو محکمہ جات جنگلات و پنچایت راج کے اشتراک سے اس پروگرام میں شرکت کرنی چاہیئے۔ سنتوش کمار نے ریاستی وزراء اندرا کرن ریڈی اور دیاکر راؤ سے ربط قائم کرتے ہوئے ان کے محکمہ جات سے اس پروگرام میں تعاون کی اپیل کی۔ گرین انڈیا چینلس کے تحت اس مہم میں حصہ لینے والے ہر فرد کو ایوارڈ پیش کیا جائے گا اور پروگرام کے کوآرڈینیٹرس کوروناکر ریڈی اور راگھو مقرر کئے گئے ہیں۔ شرکت کرنے والے افراد شجرکاری کی سیلفی واٹس ایپ پر روانہ کرسکتے ہیں۔ سیلفی کی روانگی کے بعد ایپ ڈاؤن لوڈ کرنا ہوگا۔ چیف منسٹر کی جانب سے انہیں ایک پیام موصول ہوگا جس کے تحت ای میل یا واٹس ایپ پر ایوارڈ روانہ کیا جائے گا۔ تمام ریاستی وزراء، ارکان پارلیمنٹ و اسمبلی سے پروگرام میں شرکت کی خواہش کی گئی ہے۔ ایک گھنٹہ میں ایک کروڑ پودوں کی شجرکاری ملک میں اپنی نوعیت کا منفرد پروگرام ہے۔