چیف منسٹر کی سعودی عرب، یو اے ای اور اسرائیل کے صنعت کاروں سے ملاقات

   

تلنگانہ میں سرمایہ کاری کی دعوت، مختلف شعبہ جات میں تعاون سے اتفاق، ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس میں شرکت

حیدرآباد 20 جنوری (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ڈاؤس میں ورلڈ اکنامک فورم اجلاس کے پہلے دن سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کی کمپنیوں کے سربراہوں کے علاوہ مختلف ملٹی نیشنل کمپنیوں کے نمائندوں سے ملاقات کی اور تلنگانہ میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ ریونت ریڈی کی زیرقیادت تلنگانہ رائزنگ وفد میں وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی سریدھر بابو اور وزیر مال سرینواس ریڈی کے علاوہ اعلیٰ عہدیدار موجود ہیں۔ سوئزرلینڈ کے دارالحکومت زیورچ پہنچنے پر تلنگانہ کے تارکین وطن نے چیف منسٹر کا استقبال کیا۔ اجلاس کے پہلے دن اسرائیل انوویشن اتھاریٹی کے صدرنشین ایلون اسٹوپل نے ریونت ریڈی سے ملاقات کی اور تلنگانہ کی زرعی سرگرمیوں میں اسرائیلی ٹیکنالوجی سے تعاون پر بات چیت کی۔ اسرائیلی کمپنی نے ٹیکنالوجی کے مختلف شعبوں کے تحت اسٹارٹس اپ کے قیام سے اتفاق کیا۔یو اے ای کے وزیر فینانس و ٹورازم ہزاکسلنسی عبداللہ بن طوق المری نے چیف منسٹرسے ملاقات کے دوران بھارت فیوچر سٹی کی ترقی میں تعاون کا یقین دلایا۔ دونوں وفود نے انفراسٹرکچر کے پراجکٹس میں سرمایہ کاری کا جائزہ لیا۔ چیف منسٹر نے تلنگانہ رائزنگ ویژن 2047 کی تفصیلات سے واقف کرایا اور کہاکہ بھارت فیوچر سٹی میں سرمایہ کاری کے بہتر مواقع ہیں۔ 30 ہزار ایکر پر فیوچر سٹی محیط رہے گی۔ متحدہ عرب امارات میں معاشی سرگرمیوں اور عصری سہولتوں کی فراہمی کے لئے شہرت رکھنے والے طوق المری نے دونوں ممالک کے عہدیداروں پر مشتمل ٹاسک فورس کی تشکیل کی تجویز پیش کی تاکہ باہمی تعاون کو مستحکم کیا جائے۔ سعودی عرب کی انڈسٹریل کانگلو مریٹ اکسپرٹائز کمپنی کے صدر اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر محمد آصف نے چیف منسٹر اور وفد کے دیگر ارکان سے ملاقات کی اور ینگ انڈیا اسکل یونیورسٹی سے اشتراک کا یقین دلایا۔ ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس میں ینگ انڈیا اسکل یونیورسٹی کے منصوبہ نے کئی ممالک کو متاثر کیا ہے۔ وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی سریدھر بابو نے مختلف شعبہ جات میں ترقی کے ذریعہ 3 ٹریلین ڈالر معیشت کی تیاری کے منصوبہ سے واقف کرایا۔ سعودی عرب کی کمپنی نے اسکل یونیورسٹی کے ذریعہ 5 ہزار نوجوانوں کو مختلف شعبہ جات میں ٹریننگ کا پیشکش کیا۔ ہیلت ٹیک شعبہ کی مشہور عالمی کمپنی رائل فلپ کے نائب صدر جین ولیم اور دیگر عہدیداروں نے تلنگانہ وفد سے ملاقات کے دوران تلنگانہ کی لائف سائنسیس پالیسی کی ستائش کی۔ کمپنی نے تلنگانہ رائزنگ ویژن کی تکمیل میں تعاون کا یقین دلایا۔ چیف منسٹر نے کہاکہ حیدرآباد ملک میں میڈیکل ٹورازم کا مرکزی مقام حاصل کرچکا ہے۔ اجلاس میں حیدرآباد میں نالج ہب کے قیام سے اتفاق کیا گیا۔ کمپنی کے نمائندوں کو دورہ تلنگانہ کی دعوت دی گئی۔ رائل فلپ کمپنی میڈیکل سسٹمس، ہیلت انفارمیٹکس اور دیگر ہیلت پراڈکٹس کی سربراہی کے لئے شہرت رکھتی ہے۔ گوگل کی کمپنی APAC کے صدر سنجے گپتا نے چیف منسٹر اور وفد سے ملاقات کی۔ گوگل نے زرعی شعبہ اور ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق اُمور میں تعاون کا یقین دلایا۔ چیف منسٹر نے ریاست کی 3 زمرہ جات میں تقسیم کی تفصیلات پیش کیں۔ گوگل نے تلنگانہ میں ٹریفک کنٹرول، سائبر سکیورٹی، اگریکلچر، اسٹارٹس اپ اور ماحولیات سے متعلق شعبہ جات میں تعاون سے اتفاق کیا۔ گلوبل کنزیومر گڈس کی کمپنی یونی لیور کے چیف سپلائی چین اینڈ آپریشن آفیسر ولیم وجین نے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کی اور تلنگانہ میں گلوبل کیپابلیٹی سنٹر کے قیام سے اتفاق کیا۔ قابل تجدید توانائی اور دیگر شعبہ جات پر بھی مذاکرات ہوئے۔ چیف منسٹر نے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور آرٹیفیشل انٹلی جنس کے استعمال کے ذریعہ عوام کو بہتر سہولتوں کی فراہمی کے منصوبہ سے واقف کرایا۔1