محمد علی شبیر کی چیف منسٹر ریونت ریڈی کو توجہ دہانی
حیدرآباد۔/10ڈسمبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے سکریٹریٹ میں وزراء اور عہدیداروں کے نیم پلیٹ پر تلگو اور انگلش کے ساتھ اردو کو لازمی طور پر شامل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف برداری کے بعد ریونت ریڈی جب سکریٹریٹ پہنچے اور چیمبر میں جائزہ لیا۔ عہدیداروں کی جانب سے چیف منسٹر کی جو نیم پلیٹ لگائی گئی تھی اس پر اردو شامل نہیں تھی۔ سابق وزیر محمد علی شبیر نے چیف منسٹر کے سکریٹری شیشادری کو ٹیلی فون کرتے ہوئے نیم پلیٹ پر اردو کی عدم شمولیت پر توجہ دلائی۔ شیشادری نے بتایا کہ چیف منسٹر کی آمد کے پیش نظر ہنگامی طور پر نیم پلیٹ تیار کی گئی اور اردو میں لکھنے والے دستیاب نہیں تھے لہذا دوسرے دن نئی نیم پلیٹ اردو کے ساتھ آویزاں کرنے کا تیقن دیا۔ محمد علی شبیر نے سکریٹریٹ میں اردو کے استعمال میں کوتاہی سے چیف منسٹر کو واقف کرایا جس پر انہوں نے اپنے سکریٹری کو ہدایت دی کہ تمام وزراء اور اعلیٰ عہدیداروں کے نیم پلیٹ پر اردو کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے۔ واضح رہے کہ اردو کو ریاست میں دوسری سرکاری زبان کا موقف حاصل ہے اور کئی سرکاری اداروں میں اردو کے استعمال میں تساہل سے کام لیا جارہا ہے۔ چیف منسٹر نے محمد علی شبیر سے کہا کہ وہ دوسری سرکاری زبان کے طور پر اردو کے استعمال کو یقینی بنانے کیلئے عہدیداروں سے ربط میں رہیں۔