چیف منسٹر کی کانگریس ورکنگ کمیٹی اجلاس میں شرکت

   

حیدرآباد 2 مئی (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی کانگریس ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی جو آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے ہیڈکوارٹر میں منعقد ہوا۔ ورکنگ کمیٹی اجلاس میں شرکت کے لئے چیف منسٹر آج دوپہر شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ سے نئی دہلی کے لئے روانہ ہوئے۔ تلنگانہ سے ورکنگ کمیٹی کے رکن وزیر صحت دامودر راج نرسمہا نے بھی ورکنگ کمیٹی اجلاس میں شرکت کی۔ بتایا جاتا ہے کہ نئی دہلی میں قیام کے دوران چیف منسٹر ریونت ریڈی، سونیا گاندھی، راہول گاندھی، ملکارجن کھرگے اور کے سی وینو گوپال سے ملاقات کریں گے۔ تلنگانہ میں طبقاتی سروے پر عمل آوری کے سلسلہ میں قائم کی گئی ماہرین کی کمیٹی کی تفصیلات سے واقف کرائیں گے۔ مرکزی حکومت کی جانب سے طبقاتی مردم شماری کے فیصلہ کے پس منظر میں ریونت ریڈی کی یہ ملاقات اہمیت کی حامل رہے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر پارٹی ہائی کمان سے تلنگانہ میں فلاحی اسکیمات کے علاوہ تنظیمی سطح پر استحکام اور نامزد عہدوں پر تقررات جیسے اُمور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ چیف منسٹر کی دہلی روانگی کے ساتھ ہی کابینہ میں توسیع اور پردیش کانگریس کمیٹی کی عاملہ کی تشکیل کے بارے میں قیاس آرائیوں کا آغاز ہوچکا ہے۔1