جنگی خطوط پر اقدامات کریں، ریاستی وزیر کے ایشور نے ضلعی کلکٹر کے ہمراہ جائزہ لیا
پداپلی۔24/اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز )ریاستی وزیر برائے محکمہ بہبود کپولا ایشور نے کہا کہ 29/اگست کو پداپلی ضلع میں ایک لاکھ عوام کے ساتھ منعقد شدنی وسیع جلسہ میں عزت مآب وزیر اعلیٰ جناب کے سی آر شرکت کریں گے۔ اس وسیع جلسہ کے کامیاب انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے ریاستی وزیر بہبود نے ضلع کلکٹر کے ہمراہ آج مناسب و موزوں اراضی کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر وزیر بہبود نے مطلع کیا کہ عوام کو بہتر انتظامیہ کی فراہمی کے لئے وزیر اعلیٰ نے نئے اضلاع کی تشکیل کی ہے۔حکومت کی جانب سے فراہم کئے گئے فلاحی ترقیاتی کاموں کے ثمرات عوام تک پہنچ رہے ہیں۔ریاست بھر کے ہر ضلع میں مربوط کلکٹریٹ عمارت کے تعمیراتی کام مکمل ہو رہے ہیں اور وزیر اعلیٰ کے سی آر خود ان کاافتتاح کر رہے ہیں۔ 29/ اگست کو پداپلی ضلع میں اور 10 /ستمبر کو جگتیال ضلع میں جدیدکلکٹریٹ عمارت کا افتتاح کریں گے۔ وزیر اعلیٰ کے سی آر کے دورہ پداپلی اور جلسہ عام کے پس منظر میں عوام کو تمام سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کی عہدیداروں کو انھوں نے ہدایت دی۔ اس جلسہ عام میں آنے والے عوام ، عوامی نمائندوں کو گاڑیوں کی پارکنگ کیلئے مناسب جگہ فراہم کرنے، ٹریفک کے مسئلہ کے تدارک کے لئے موثر اقدامات کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ کلکٹریٹ کے افتتاح کے تحت پداپلی ضلع کو آنے والے وزیر اعلیٰ کے سی آر کے دورہ کو کامیاب بنانے کے لئے تندہی کے ساتھ تمام انتظامات کرنے کی ضلع کلکٹر ڈاکٹر سنگیتا ستیہ نارائنا نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی۔ جدید کلکٹریٹ کے افتتاح پر وزیر اعلیٰ کے دورہ کے پیش نظر آج ضلع کلکٹر نے متعلقہ عہدیداروں کے ہمراہ جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ عہدیداروں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ضلع کو وزیر اعلیٰ کے دورہ کے دوران اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعات پیش نہ آئیں۔ ضلعی عہدیداروں ، سرکاری عملہ کو چوکس رہنے اور وزیر اعلیٰ کے دورہ پداپلی کو کامیاب بنانے کی انھوں نے ہدایت دی۔ اس موقع پر ضلع ایڈیشنل کلکٹر لکشمی نارائنا، مجالس مقامی ایڈیشنل کلکٹر کمار دیپک، رکن اسمبلی پداپلی داسری منوہر ریڈی، واستو پنڈت سودالا سدھاکر، ای۔این۔سی۔گنپتی ریڈی، مختلف محکمہ جات کے عہدیداران و دیگر موجود تھے۔