چیف منسٹر کے سی آر آج تاریخی قلعہ گولکنڈہ میں قومی پرچم لہرائیں گے

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد 14 اگست (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کل 15 اگست کو تاریخی قلعہ گولکنڈہ میں قومی پرچم لہرائیں گے اور پریڈ کی سلامی لیں گے۔ پرچم کشائی سے قبل چیف منسٹر پریڈ گراؤنڈ سکندرآباد میں یادگار شہیدان پر گلہائے عقیدت پیش کرکے مجاہدین آزادی کو خراج پیش کرینگے ۔ چیف سکریٹری شانتی کماری نے آج قلعہ گولکنڈہ کا دورہ کرکے یوم آزادی تقاریب انتظامات کا جائزہ لیا۔ چیف سکریٹری نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ مختلف محکمہ جات میں تال میل سے تقاریب کامیاب اور شاندار انعقاد کو یقینی بنائیں۔ چیف سکریٹری نے قلعہ گولکنڈہ کے مختلف حصوں کا معائنہ کرکے انتظامات کا جائزہ لیا ۔ محکمہ پولیس کو بلیو بک کے مطابق انتظامات کی ہدایت دی گئی۔ ٹریفک بہاؤ کو بہتر بنانے ٹریفک تحدیدات عائد کی جارہی ہیں تاکہ عوام کو کوئی دشواری نہ ہو۔ چیف سکریٹری نے ٹریفک مینجمنٹ ، نشستوں کے انتظام ، برقی ، پانی کی سربراہی ، صحت و صفائی کے انتظامات اور طبی سہولتوں کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ جی اے ڈی سکریٹری نے چیف سکریٹری کو مختلف علاقوں کے انتظامات سے واقف کرایا۔