چیف منسٹر کے سی آر خواتین سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل میں ناکام

   

اتم کمار ریڈی کا الزام، مہیلا کانگریس کو خواتین کے حقوق کیلئے جدوجہد کا مشورہ

حیدرآباد۔/5 ستمبر، ( سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ اور سابق صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ ریاست میں سیلف ہیلپ گروپس کی خواتین کے ساتھ دھوکہ کررہے ہیں۔ رکن اسمبلی جگا ریڈی، آل انڈیا مہیلا کانگریس کی جنرل سکریٹری اور تلنگانہ انچارج فاطمہ بیگم اور صدر مہیلا کانگریس تلنگانہ سنیتا راؤ کے ہمراہ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ریاستی حکومت سیلف ہیلپ گروپس کو 4250 کروڑ کی ادائیگی باقی ہے۔ انہوں نے حکومت سے بقایا جات کی فوری اجرائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے سیلف ہیلپ گروپس کی جانب سے حاصل کردہ قرض پر 2018 کے بعد سے ایک روپیہ بھی جاری نہیں کیا ہے۔ گزشتہ دو برسوں کے دوران حکومت خواتین سیلف ہیلپ گروپس کے ساتھ مسلسل ناانصافی کررہی ہے حالانکہ اسے 3.85 لاکھ دیہی علاقوں کے سیلف ہیلپ گروپس کو 2200 کروڑ اور شہری علاقوں کے 1.52 لاکھ سیلف ہیلپ گروپس کو 750 کروڑ کی ادائیگی باقی ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ حکومت کی جانب سے مختلف مدات کے تحت سیلف ہیلپ گروپس کو مجموعی طور پر 4256 کروڑ باقی ہے۔ ابھئے ہستم اسکیم کے تحت سیلف ہیلپ گروپس کی فوت ہونے والی ارکان کو ایکس گریشیا ادا نہیں کیا گیا۔ حکومت قدرتی موت پر 25 ہزار روپئے اور حادثاتی موت پر 75 ہزار روپئے کی ادائیگی کی پابند ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت سیلف ہیلپ گروپس کو اپنے طور پر سود کی رقم ادا کرنے پر مجبور کررہی ہے۔ 2018 اسمبلی انتخابات میں جو وعدے کئے گئے تھے انہیں فراموش کردیا گیا۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ سیلف ہیلپ گروپس کے تحت فوڈ پراسیسنگ یونٹس کے قیام کا وعدہ کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نے 2018 اسمبلی انتخابات سے قبل سود کی رقم کے طور پر 1200 کروڑ جاری کئے تھے۔ حضورآباد ضمنی چناؤ کے پیش نظر 54 کروڑ کی اجرائی کا اعلان کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہیلا کانگریس کو خواتین اور خاص طور پر سیلف ہیلپ گروپس کے مسائل کے حل کیلئے جدوجہد کرنی چاہیئے۔R