دھان کی خریدی اور آبی تنازعہ پر نمائندگی کا منصوبہ، سیاسی نوعیت سے دورہ کی اہمیت
حیدرآباد۔/21نومبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ ریاستی وزراء اور عہدیداروں کے ساتھ آج نئی دہلی پہنچ گئے۔ چیف منسٹر نئی دہلی میں تین تا چار دن قیام کرسکتے ہیں۔ باوثوق ذرائع کے مطابق کسانوں سے دھان کی خریدی کے مسئلہ پر کے سی آر وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کرسکتے ہیں۔ مرکز سے دھان کی خریدی کے سلسلہ میں موقف واضح کرنے کا کے سی آر مطالبہ کررہے ہیں۔ فوڈ کارپوریشن آف انڈیا سے تلنگانہ کیلئے دھان کی خریدی سے متعلق نشانہ کا اعلان کرنے پر زور دینے کیلئے کے سی آر ساتھی وزراء اور عہدیداروں کی ٹیم کے ساتھ نئی دہلی پہنچ گئے۔ تلنگانہ میں کسان کئی دن سے دھان کی خریدی کے منتظر ہیں اور بارش کے نتیجہ میں دھان میں مولکا پھوٹ رہا ہے۔ مرکزی حکومت کے فیصلہ کے بعد ہی تلنگانہ حکومت دھان کی خریدی اور ربیع کی فصل کے بارے میں کسانوں کی رہنمائی کرے گی۔ حکومت چاہتی ہے کہ کسان آئندہ فصل کے بارے میں جلد بازی سے کام نہ لیں۔ دھان کے بجائے دیگر فصلوں کو ترجیح دی جائے۔ ذرائع نے بتایا کہ چیف منسٹر دریائے کرشنا سے پانی کی تقسیم کے مسئلہ پر تنازعہ کو ٹریبونل سے رجوع کرنے کا مرکز سے مطالبہ کریں گے۔ وہ کرشنا واٹر ڈسپیوٹ ٹریبونل کی تشکیل جدید کا مطالبہ کریں گے۔ چیف منسٹر گریجن طبقات کے تحفظات میں اضافہ سے متعلق اسمبلی میں منظورہ قرارداد پر عمل آوری کے علاوہ ایس سی طبقہ کی زمرہ بندی اور بی سی طبقات کی مردم شماری جیسے اُمور پر مرکز سے نمائندگی کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر نے کل اعلان کیا تھا کہ وہ کسانوں کو اقل ترین امدادی قیمت کیلئے قانون وضع کرنے کا مرکز سے مطالبہ کریں گے۔ اس کے علاوہ ایجی ٹیشن کے دوران کسانوں پر عائد مقدمات سے دستبرداری اور متوفی کسانوں کے خاندانوں کو ایکس گریشیا کا مطالبہ کریں گے۔ وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کا وقت ابھی طئے نہیں ہوا ہے۔ چیف منسٹر دہلی میں قیام کے دوران وزیر آبی وسائل گجیندر سنگھ شیخاوت اور دیگر وزراء سے ملاقات کرسکتے ہیں۔ حضورآباد کے ضمنی چناؤ میں بی جے پی کی کامیابی کے پس منظر میں کے سی آر کے دورہ دہلی کو سیاسی نوعیت سے بھی اہمیت کا حامل سمجھا جارہا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ پہلی مرتبہ چیف منسٹر کے دفتر سے دورہ کے بارے میں کوئی تفصیلات جاری نہیں کی گئی بلکہ شمس آباد ایر پورٹ سے طیارہ کی پرواز سے متعلق ویڈیو جاری کرکے چیف منسٹر کی روانگی کی اطلاع دی گئی۔ چیف منسٹر کے ہمراہ وزراء جی نرنجن ریڈی اور جی کملاکر کے علاوہ چیف سکریٹری سومیش کمار و دیگر موجود ہیں۔ر