چیف منسٹر کے سی آر نے جدید سکریٹریٹ کی تعمیرات کا معائنہ کیا

   

سکریٹریٹ کی تعمیرات پر 617 کروڑ روپئے کے مصارف کاموں میں تیزی پیدا کرنے کی ہدایت
حیدرآباد : 26 جنوری (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے سی آر نے آج اچانک پہنچ کر جدید سکریٹریٹ کی تعمیرات کا جائزہ لیا اور مقررہ وقت پر تعمیراتی کاموں کی تکمیل کی عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ نامپلی پبلک گارڈن میںمنعقدہ یوم جمہوریہ تقریب میں شرکت کرنے کے بعد واپسی میں چیف منسٹر نے سکریٹریٹ پہنچ کر تعمیری کاموں کا جائزہ لیا ۔ اس موقع پر چیف منسٹر کے سی آر کے ساتھ ریاستی وزیر عمارت و شوارع پرشانت ریڈی ، چیف سکریٹری سومیش کمار کے علاوہ دوسرے اعلیٰ عہدیدار و انجنیئرس موجود تھے ۔ چیف منسٹر نے تعمیری کاموں کے تعلق سے وہاں موجود عملہ کے تعلق سے بات چیت کی ۔ واضح رہے کہ جدید سکریٹریٹ تعمیر کرنے کا کنٹراکٹ ممبئی سے تعلق رکھنے والی شاپور جی پلومجی کمپنی کو حاصل ہوا ہے اور نئے سکریٹریٹ کی تعمیرات پر 617 کروڑ روپئے کے مصارف ہیں ۔ تلنگانہ حکومت نئے سکریٹریٹ کی تعمیر کو ایک چیلنج کے طور پر قبول کیا ہے ۔ اپوزیشن جماعتوں کی مخالفت اور تنقیدوں کو نظرانداز کردیا ، قانونی کشاکش میں بھی ہائیکورٹ نے حکومت کے حق میں فیصلہ دیا جس کے بعد بغیر کسی تاخیر کے چیف منسٹر کے سی آر نے قدیم سکریٹریٹ کی عمارتوں کو انہدام کرانے کے بعد جدید سکریٹریٹ کی عمارت کیلئے سنگ بنیاد رکھا ۔ آج انہوں نے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ تعمیری کاموں کا جائزہ لیا ۔ کاموں میں تیزی پیدا کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ۔