چیف منسٹر کے سی آر کی 67 ویں سالگرہ ، ریاست میں کئی تقاریب

,

   

کے سی آر نے شجرکاری مہم میں حصہ لیا، وینکیا نائیڈو ، نریندر مودی ، امیت شاہ اور دوسروں کی مبارکباد

حیدرآباد: چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی 67 ویں سالگرہ کے موقع پر قومی قائدین اور سماج کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیتوں نے مبارکباد پیش کی اور تلنگانہ ریاست کی ہمہ جہتی ترقی کے بارے میں نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔ چیف منسٹر نے سالگرہ کا آغاز شجرکاری مہم میں حصہ لیتے ہوئے کیا۔ گرین انڈیا چیلنج کے تحت منعقدہ پروگرام میں ایک گھنٹہ میں ایک کروڑ پودے لگائے گئے اور اس پروگرام میں حصہ لیتے ہوئے کے سی آر نے پرگتی بھون میں پودہ لگایا ۔ رکن راجیہ سبھا جے سنتوش کمار کی درخواست پر چیف منسٹر نے شجرکاری مہم میں حصہ لیا۔ ریاست کے تمام اضلاع میں وزراء اور قائدین نے چیف منسٹر کی سالگرہ کے موقع پر مختلف پروگراموں میں حصہ لیا ۔ حیدرآباد کے علاوہ اضلاع میں خون کے عطیہ کیمپ منعقدکئے گئے اور غریبوں میں اشیائے ضروریہ اور غذا کی تقسیم عمل میں آئی۔ مریضوں میں پھل تقسیم کئے گئے ۔ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے سب سے پہلے اپنے والد کو سالگرہ کی مبارکباد پیش کی۔ ملک بھر سے جن شخصیتوں نے چیف منسٹر کو سالگرہ کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے پیامات روانہ کئے ، ان میں نائب صدر جمہوریہ ، وینکیا نائیڈو ، وزیراعظم نریندر مودی ، وزیر داخلہ امیت شاہ ، ڈی ایم کے سربراہ اسٹالن ، چیف منسٹر چھتیس گڑھ ، بھوپیش باگھیل ، چیف منسٹر سکم پریم سنگھ تمنگ ، چیف منسٹر جھارکھنڈ ہیمنت سورین ، گورنر ہماچل پردیش بنڈارو دتاتریہ نے فون پر کے سی آر کو سالگرہ کی مبارکباد دی۔ انہوں نے چیف منسٹر کی درازی عمر اور صحت کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔ پیامات مبارکباد روانہ کرنے والی دیگر شخصیتوں میں اسپیکر لوک سبھا اوم برلا ، مرکزی وزراء ڈی سدانند گوڑا ، ارجن منڈا ، چیف منسٹر آسام بی کمار دیپ، چیف منسٹر کرناٹک بی ایس یدی یورپا ، چیف منسٹر مدھیہ پردیش شیوراج سنگھ چوہان ، سابق چیف منسٹر آندھراپردیش این چندرا بابو نائیڈو ، ان کے فرزند نارا لوکیش ، جنا سینا کے سربراہ پون کلیان ، ٹالی ووڈ اداکار مہیش بابو ، سریکانت ، نتن ، وجئے دیورکنڈہ ، برطانیہ کے ڈپٹی ہائی کمشنر برائے تلنگانہ ڈاکٹر اینڈریو فلیمنگ ، بی جے پی کے ریاستی صدر بنڈی سنجے اور دیگر شخصیتیں شامل ہیں۔ وزیراعظم نریندر مودی نے کے سی آر کی طویل عمر اور صحت مند زندگی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار ۔ چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے خوشحالی اور صحت مند زندگی کی نیک تمنائیں پیش کیں۔ گورنر تلنگانہ ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے تلگو زبان میں مبارکباد پیش کرتے ہوئے چیف منسٹر کی درازی عمر اور ریاست کی ترقی کیلئے دعا کی ۔ میگا اسٹار چرنجیوی نے چیف منسٹر کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے شجرکاری مہم میں حصہ لیا ۔ دیگر ممتاز شخصیتوں میں پدما شری سنیتا کرشنن ، ڈاکٹر پرمود ساونت ، نتن اگروال اور دیگر صنعت کاروں نے مبارکباد پیش کی۔ تمام سیاسی ، سماجی قائدین کے علاوہ صنعت کاروں سے چیف منسٹر نے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے سالگرہ کی مبارکباد پیش کرنے والے تمام افراد کا معہ تہہ دل سے شکر گزار ہوں۔ امید کرتا ہوں کہ آگے بھی میرے لئے آپ کا پیار اور نیک تمنائیں اسی طرح برقرار رہیں گی۔