چیف منسٹر کے سی آر کی اتوار کو حج ہاؤز آمد کا امکان

   

مسلمانوں میں پھیلی بے چینی سے عہدیداروں نے واقف کرایا
حیدرآباد ۔16 ۔ جون (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ توقع ہے کہ 18 جون اتوار کو تلنگانہ عازمین حج کے قافلہ کو وداع کرنے حج کیمپ کا دورہ کرینگے۔ چیف منسٹر کے دفتر سے حج کمیٹی کو اطلاع دی گئی کہ 18 جون کی شام کی فلائیٹ سے روانہ ہونے والے عازمین کو وداع کرنے چیف منسٹر حج ہاؤز آسکتے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ مسلمانوں میں بے چینی کی اطلاع پر کے سی آر نے عازمین حج سے ملاقات کا ارادہ کیا ۔ چیف منسٹر کے پروگرام کو ہفتہ کو قطعیت دی جائے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر کے مشیروں نے واقف کرایا کہ عازمین حج کے قافلوں کی روانگی کا سلسلہ جاری ہے اور دیگر ریاستوں میں چیف منسٹرس نے پہلے قافلہ کو وداع کیا ۔ اسمبلی انتخابات میں مسلم اقلیت کی تائید پانے چیف منسٹر کو حج ہاؤز کا دورہ کرنے کا مشورہ دیا گیا جس پر چیف منسٹر نے اتفاق کرلیا ۔ حج کمیٹی ذمہ داروں کو دورہ کی توثیق کل ہفتہ کے دن کی جائے گی۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر کے عازمین حج کو وداع کرنے سے گریز کے بارے میں 12 جون کو روزنامہ سیاست نے رپورٹ شائع کی تھی۔ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد چیف منسٹر 2015 ، 2016 اور 2017 ء میں عازمین حج کو وداع کرنے کیلئے حج ہاؤز پہنچے تھے۔ اس کے بعد وہ عازمین حج کو وداع کرنے کیلئے نہیں آئے۔ 2020 اور 2021 ء میں کووڈ کے سبب عازمین کی روانگی عمل میں نہیں آئی تھی جبکہ 2022 ء میں محدود تعداد میں عازمین روانہ ہوئے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق چیف منسٹر کے قریبی عہدیداروں نے سیاست میں شائع شدہ رپورٹ کے حوالہ سے چیف منسٹر کو واقف کرایا اور مشورہ دیا کہ وہ مسلمانوں میں پھیلی بے چینی دور کرنے کے لئے حج کیمپ کا دورہ کریں۔ اسی دوران صدرنشین حج کمیٹی محمد سلیم کو چیف منسٹر کے سکریٹری نے بتایا کہ 18 جون کی شام 4 بجے چیف منسٹر حج ہاؤز کا دورہ کرسکتے ہیں۔ تاہم قطعی پروگرام کی ہفتہ کو دی جائے گی۔ر