چیف منسٹر کے سی آر کی دہلی میں مرکزی وزیر جل شکتی سے ملاقات

   

تلگو ریاستوں کے آبی تنازعات پر تبادلہ خیال،آج امیت شاہ کے اجلاس میں شرکت۔ شام میں حیدرآباد واپسی

حیدرآباد ۔25 ستمبر (سیاست نیوز) دہلی کے دورہ پر رہنے والے چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے آج دوپہر میں مرکزی وزیر جل شکتی گجیندر سنگھ شیخاوت سے ملاقات کی۔ دونوں کے درمیان تقریباً 40 منٹ تک آبپاشی پراجکٹس، پانی کی تقسیم اور دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ اور آندھراپردیش کے تنازعات، آبپاشی پراجکٹس کی منظوریوں اور دیگر امور پ ربات چیت ہوئی۔ اس موقع پر چیف منسٹر کے ساتھ ضلع محبوب نگر کی نمائندگی کرنے والے ٹی آر ایس کے ارکان اسمبلی لکشماریڈی، راجندر ریڈی، اے وینکٹیشور ریڈی کے علاوہ دوسرے موجود تھے۔ ملاقات کے دوران چیف منسٹر کے سی آر نے آندھراپردیش میں تعمیر کئے جانے والے رائلسیما لفٹ اریگیشن پراجکٹ کی تعمیر سے ضلع محبوب نگر کو ہونے والے نقصانات سے واقف کرایا اور انہیں بتایا کہ اس پراجکٹ کی تعمیر سے ضلع محبوب نگر خشک سالی کا شکار ہوجائے گا۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد ریاست میں بڑے پیمانے پر آبپاشی پراجکٹس تعمیر ہورہے ہیں۔ ضلع محبوب نگر کے زرعی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے۔ ماضی میں نقل مقام کرنے والے کسان دوبارہ ضلع محبوب نگر لوٹ رہے ہیں مگر رائلسیما لفٹ اریگیشن پراجکٹ کی تعمیر سے ضلع محبوب نگر کو نقصان ہوگا۔ اس کا مرکزی حکومت سنجیدگی سے جائزہ لیں۔ دریائے کرشنا کے پانی کی تقسیم پر دونوں ریاستوں کے موجودہ تنازعات اور مختلف امور پر بھی چیف منسٹر نے مرکزی وزیر کو توجہ دلائی۔ چیف منسٹر نے پالمور رنگاریڈی لفٹ اریگیشن پراجکٹ کو منظوری دینے کی بھی مائندگی کی۔ پانی کی تقسیم کے مسئلہ کو جلد از جلد حل کرنے پر زور دیا۔ ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ کے آر ایم بی، جی آر ایم بی کے گزٹ نوٹیفکیشن کی عمل آوری سے متعلق تاریخ کو ملتوی کرنے کی بھی نمائندگی کی۔ کے سی آر نے مرکزی وزیر جل شکتی پر زور دیا کہ وہ دونوں ریاستوں کے درمیان جن پراجکٹس پر باہمی رضامندی ہے انہیں پراجکٹس کو نوٹیفکیشن کے حدود میں لانے کی اپیل کی۔ مرکزی وزیر گجیندر سنگھ شیخاوت نے چیف منسٹر کو تیقن دیا کہ وہ ان کی یادداشت پر ہمدردانہ غور کریں گے۔ چیف منسٹر کے سی آر 26 ستمبر کو دہلی کے وگیان بھون میں مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ کی جانب سے طلب کردہ نکسلائیٹس سے متاثرہ ریاستوں کے چیف منسٹرس کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ اس کے بعد مرکزی وزیر سیول سپلائز پیوش گوئل سے ملاقات کرتے ہوئے دھان اور دوسرے اناج کی خریدی وغیرہ پر ایک یادداشت پیش کریں گے اور اتوار کو شام میں دہلی سے حیدرآباد کو واپس ہوجائیں گے۔
چیف منسٹر کے ہمراہ دہلی روانہ ہونے والے عہدیداروں میں چیف سکریٹری سومیش کمار اور ڈی جی پی ایم مہندر ریڈی بھی موجود ہیں۔ ن