سیاسی حلقوں میں نئی بحث، کورٹلہ اسمبلی حلقہ کے ترقیاتی کاموں پر نمائندگی
حیدرآباد ۔16 ۔ جنوری (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی کے متحدہ عادل آباد ضلع کے دورہ کے موقع پر بی آر ایس رکن اسمبلی ڈاکٹر سنجے کمار کی موجودگی نے سیاسی حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ چیف منسٹر کے دورہ کے موقع پر بی آر ایس قیادت نے اپنے عوامی نمائندوں کو دوری اختیار کرنے کی ہدایت دی تھی لیکن چیف منسٹر کے دورہ نر مل کے دوران کورٹلہ کے بی آر ایس رکن اسمبلی ڈاکٹر سنجے کمار نہ صرف شریک ہوئے بلکہ چیف منسٹر سے ترقیاتی کاموں پر بات چیت کی۔ چیف منسٹر نے آج آبپاشی پراجکٹ کا افتتاح کیا جس کے ذریعہ جگتیال ضلع کے کورٹلہ اسمبلی حلقہ کو آبپاشی کی ضرورتوں کیلئے پانی سربراہ کیا جائے گا ۔ بی آر ایس رکن اسمبلی نے پانی کی سربراہی کیلئے ضروری انتظامات اور اراضی کے حصول پر چیف منسٹر ریونت ریڈی کے علاوہ وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی سے بات چیت کی۔ سنجے کمار کی چیف منسٹر کے پروگرام میں شرکت پر بی آر ایس کے حلقوں میں بھی مختلف انداز میں ردعمل دیکھا جارہا ہے۔ بعض قائدین اس ملاقات کو حلقہ کی ترقی کیلئے نمائندگی قرار دے رہے ہیں جبکہ دیگر قائدین کو اندیشہ ہے کہ چیف منسٹر نے بی آر ایس ارکان اسمبلی کو کانگریس اورحکومت سے قریب کرنے کی کوشش کی ہے تاکہ مخالفت میں کمی واقع ہو۔1