چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے ہاتھوں کونڈہ پوچما ساگر کا افتتاح

   

Ferty9 Clinic

1540کروڑ لاگت کے پراجکٹ سے تلنگانہ کے کئی اضلاع کوپانی کی سربراہی

گجویل۔/29 مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) آج صبح گیارہ بجے دن حلقہ گجویل کے مرکوک منڈل میں بنائے گئے پمپ ہاؤز کا وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ اور مشہور ہندومبلغ چنا جی ایئر سوامی نے پمپ ہاؤز کا بٹن دباتے ہوئے کونڈہ پوچما ساگر کا افتتاح کیا۔ اس کونڈہ پوچما ساگر کی صلاحیت پندرہ ٹی ایم سی پانی ہونے کے علاوہ 1540 کروڑ روپیوں کے سرمایہ سے بنائے گئے اس پراجکٹ سے تلنگانہ کے اضلاع سدی پیٹ، میڑچل، بھونگیر کے علاوہ میدک اور سنگاریڈی کو کم از کم 285 لاکھ ایکڑ اراضیات کو وافر مقدار میں کسانوں کو کاشت کیلئے پانی کی سربراہی کے علاوہ محفوظ پینے کے پانی کی دستیابی کی غرض سے ریاستی حکومت نے عزم مصمم سے تین سال قبل اس کونڈہ پوچما ساگر پراجکٹ کے تعمیری کاموں کی شروعات کی تھی جو کہ وقت مقررہ پر تکمیل ہونا ایک خوش آئند بات ہے۔ قبل از چیف منسٹر اپنی شریک حیات کے ہمراہ صبح 7 بجے کونڈہ پوچما مندر پہونچے اور وہاں کے وید پنڈتوں نے پنڈی یاگم اور پورنا آہوتی کے ذریعہ پوجا پاٹ کرتے ہوئے چیف منسٹر اور ان کی اہلیہ کو آشیرواد دیا۔ اس موقع پر ریاستی وزراء ہریش راؤ، اندرا کرن ریڈی، نرنجن ریڈی، رکن پارلیمنٹ میدک پربھاکر ریڈی، ایف ڈی سی چیرمین پرتاپ ریڈی، ضلع کلکٹر سدی پیٹ وینکٹ رام ریڈی اور دیگر قائدین موجود تھے۔ بعد ازاں چیف منسٹر نے بذریعہ بس مرکوک منڈل میں موجود وردھاراجو سوامی مندر کے درشن کئے اور مواضعات مرکوک اور ایراویلی میں کسانوں کیلئے نو تعمیر کردہ کمیونٹی سنٹرس کا سنگ بنیاد رکھا اور محکمہ آبپاشی کے عہدیداروں کے ایک جائزہ اجلاس میں شرکت کی اور دوپہر مرکوک میں ظہرانہ کیا۔ چنانچہ اس ضمن میں کمشنر پولیس سدی پیٹ زویل ڈیوس کی نگرانی میں تین ، تین اے ایس پی، اے سی پی اور 14 ڈی ایس پی اور 40 سرکل انسپکٹرس کے علاوہ جملہ 1120 پولیس عملے کے ذریعہ کافی بندوبست رہا۔