حیدرآباد: چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ 31 اکتوبر کو جنگاؤں کے موضع کوڑا کنڈلہ میں رعیتو ویدیکا کا افتتاح کریں گے ۔ چیف منسٹر رعیتو ویدیکا کے ضمن میں دیہی قدرتی جنگل کا دورہ کریں گے ۔ چیف منسٹر مقامی کسانوں اور عوام سے خطاب کرتے ہوئے رعیتو ویدیکا کی تعمیر کے مقصد ، ان کی اہمیت اور اس پروگرام کے تحت تکمیل پائے جانے والے کاموں کی تفصیلات پیش کریں گے۔ اس پرو گرام میں ورنگل کے دیہی سطح کے رعیتو بندھو کمیٹیوں کو مدعو کیا گیا ہے ۔ وزیر زراعت ایس نرنجن ریڈی کے علاوہ متحدہ ورنگل ضلع کے وزراء دیاکر راؤ ، ستیاوتی راتھوڑ ، رعیتو بندھو سمیتی کے ریاستی صدر پی راجیشور ریڈی اور متحدہ ضلع کے عوامی نمائندے شرکت کریں گے۔ اسی دوران وزیر پنچایت راج ای دیاکر راؤ نے چیف منسٹر کے دورہ کے پروگراموں کا اعلیٰ سطحی اجلاس میں جائزہ لیا۔ ہیلی پیاڈ کی تیاری ، ڈبل بیڈروم مکانات اور کسانوں کی دیگر اسکیمات پر عمل آوری کا جائزہ لیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے رعیتو ویدیکا کے آغاز کے بعد مقامی مارکٹ یارڈ کے احاطہ میں 5000 کسانوں سے ملاقات کرتے ہوئے ان کے مسائل جاننے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں 573 کروڑ کے خرچ سے 2604 رعیتو ویدیکا کی تعمیر کا منصوبہ ہے ۔ اس پروگرام کے تحت کسانوں کو اسکیمات کے سلسلہ میں باشعور بنایا جائے گا۔ دیاکر راؤ نے ضلع کلکٹر اور دیگر عہدیداروں کے ساتھ چیف منسٹر کے دورہ کے پروگراموں کو قطعیت دی ہے ۔
آن لائن کلاسس اردو زبان میں بھی چلائی جائیں، ایس آئی او تلنگانہ کی عرضی پر ہائی کورٹ کا فیصلہ
حیدرآباد۔ تلنگانہ ہائی کورٹ نے ایک اہم فیصلہ سناتے ہوئے ریاستی حکومت کو تلگو اور انگریزی زبان کے ساتھ ساتھ اُردو زبان میں بھی آن لائن کلاسس چلانے کے احکامات جاری کئے ۔یہ فیصلہ اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا(ایس آئی او)کے عبدالسمیع بگدل کی جانب سے دائر کردہ عرضی کی سماعت کے بعد دیا گیا۔ ہائی کورٹ کا یہ فیصلہ ریاست بھر کے ہزاروں اردو میڈیم طلبہ کیلئے انتہائی خوش آئند ہے۔