چیف منسٹر ہٹ دھرمی کا رویہ ترک نہ کریں تو عوامی بغاوت یقینی : ڈاکٹر لکشمن

   

آر ٹی سی ہڑتال کی رپورٹ مرکز کو روانہ کردی گئی۔ اثاثہ جات پر چیف منسٹر کی نظر
حیدرآباد 31 اکٹوبر (سیاست نیوز) بی جے پی کے ریاستی صدر ڈاکٹر لکشمن نے انتباہ دیا کہ اگر چیف منسٹر ہٹ دھرمی کا رویہ ترک نہ کریں تو عوام بغاوت پر اُتر آئیں گے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر لکشمن نے کہاکہ عدالت کے احکامات کو نظرانداز کرتے ہوئے کے سی آر حکومت عدلیہ کا مذاق اُڑارہی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ کے سی آر کو چناجیر سوامی کی نصیحت اور عدالت کی سرزنش کے فرق کو محسوس کرنا چاہئے۔ اگر وہ عدالت کی سرزنش کو نظرانداز کرتے ہیں تو اُنھیں دشواریوں سے گزرنا ہوگا۔ اُنھوں نے کہاکہ آر ٹی سی ملازمین کے مسائل کی یکسوئی کو نظرانداز کرتے ہوئے چیف منسٹر چناجیر سوامی کے آشرم پہونچے اور اُنھیں سالگرہ کی مبارکباد پیش کی۔ اُنھوں نے کہاکہ عدالت نے کئی اُمور میں حکومت کو واضح طور پر ہدایات جاری کیں اُس کے باوجود چیف منسٹر عدالتی احکامات موصول نہ ہونے کا بہانہ کررہے ہیں۔ عدالت کو غلط اعداد و شمار کے ذریعہ گمراہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ڈاکٹر لکشمن نے کہاکہ حکومت آر ٹی سی کے اثاثہ جات کو لیز پر دینے کی تیاریاں مکمل کرچکی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ کے سی آر آر ٹی سی ملازمین کو دھمکاکر ہڑتال سے دستبردار کروانا چاہتے ہیں۔ ایک طرف عدالت میں مقدمہ کی سماعت جاری ہے تو دوسری طرف حکومت نے 4 ہزار خانگی بسوں کو کرایہ پر حاصل کرنے کا اعلامیہ جاری کیا ہے جو عدالت کی توہین ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ چیف منسٹر کو اپنے رویہ میں تبدیلی لانی ہوگی کیوں کہ ہٹ دھرمی اور غرور و تکبر سے عوام بغاوت پر اُتر سکتے ہیں۔ ڈاکٹر لکشمن نے بتایا کہ ہڑتال سے متعلق تمام تفصیلات کی رپورٹ مرکز کو روانہ کی جارہی ہے۔ اُنھوں نے وضاحت کی کہ بی جے پی زیر اقتدار ریاستوں میں کہیں بھی حکومتیں آر ٹی سی کو رقومات باقی نہیں ہیں۔ اُنھوں نے بتایا کہ بعض مقامات پر آر ٹی سی کی اراضی پٹرول بنکس کے قیام کے لئے الاٹ کردی گئی۔ اُنھوں نے کہاکہ حضور نگر میں ٹی آر ایس کی کامیابی کوئی غیرمعمولی اور غیر متوقع نہیں ہے۔ برسر اقتدار پارٹی ضمنی انتخابات میں سرکاری مشنری کے بے جا استعمال کے ذریعہ کامیاب ہوئی ہے۔