چیف منسٹرس اوورسیز اسکالر شپ اسکیم ، درخواست کے آن لائن ادخال کا آغاز

   

سیاست ہیلپ ڈیسک پر طلباء وطالبات کی رہنمائی ، درخواستوں کے مفت ادخال کی سہولت
حیدرآباد ۔ 24 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : ریاست تلنگانہ میں چیف منسٹرس اوورسیز اسکالر شپ اسکیم سارے ملک میں ایک مثالی اسکیم ہے ۔ جس کے ذریعہ بیرونی ممالک کی باوقار یونیورسٹیوں میں اقلیتی امیدواروں کے داخلے کی راہ ہموار ہوئی ۔ اس ضمن میں روزنامہ سیاست اور ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں کا غیر معمولی کردار رہا ۔ جس کے نتیجہ میں سیاست ہیلپ ڈیسک کے ذریعہ آن لائن درخواستیں داخل کرنے والے 3000 سے زائد مسلم طلباء وطالبات کو امریکہ ، برطانیہ ، کینڈا ، سنگاپور ، جاپان ، جرمن جیسے ملکوں کی باوقار جامعات میں داخلے حاصل ہوئے ۔ سیاست ہیلپ ڈیسک نے سال 2015 سے بیرونی یونیورسٹیز میں داخلوں کے خواہاں طلباء وطالبات کی رہنمائی شروع کی ۔ اب جب کہ جنوری سے جولائی تک کے 2023 INTAKE کے لیے درخواستیں طلب کی گئیں ۔ سیاست ہیلپ ڈیسک پر آج سے آن لائن درخواستوں کا آغاز ہوچکا ہے ۔ سید خالد محی الدین اسد انچارج ہیلپ ڈیسک ، سید رضوان ملک منظور اور شاذیہ اس ضمن میں طلباء وطالبات اور ان کے والدین و سرپرستوں کی رہنمائی میں کوئی کسر باقی نہیں رکھ رہے ہیں ۔ بیرونی ملکوں کی یونیورسٹیز میں داخلہ کے خواہاں طلباء وطالبات کو سید خالد محی الدین اسد اور ان کی ٹیم نے مشورہ دیا ہے کہ ایسے طلبہ بھی اس غیر معمولی اسکیم سے استفادہ کرسکتے ہیں جو ماسٹرس کے لیے بیرونی ملک گئے ہوں جن کے پاس دو سال کا کورس ہو اور جنہوں نے جی آر ای یا جی میاٹ کامیاب کیا ہو یا پھر IELTS ، TOEFL اور PTE میں سے کوئی ایک ٹسٹ میں کامیابی حاصل کی ہو اس اسکیم سے استفادہ کرنے کے خواہاں امیدواروں کا گریجویشن میں 60 فیصد سے زیادہ نمبرات حاصل کرنا ضروری ہے ۔ آپ کو بتادیں کہ چیف منسٹرس اوور سیز اسکالر شپ اسکیم کے لیے ہر سال 500 امیدواروں کا انتخاب کیا جاتا ہے ۔۔