چین ، امریکی بحری جہازوں پر خصوصی پورٹ فیس عائد کرے گا

   

بیجنگ۔ 11 اکتوبر (یو این آئی) چین نے امریکی کمپنیوں، تنظیموں اور افراد کے زیرِ ملکیت یا آپریٹ کردہ بحری جہازوں پر خصوصی پورٹ فیس عائد کرنے کا اعلان کیا ہے جس کا نفاذ 14 اکتوبر سے ہوگا۔ اس بات کا اعلان چین کی وزارت ٹرانسپورٹ نے کیا جس میں کہا گیا کہ یہ اقدام امریکہ کی جانب سے سیکشن 301 تحقیقات کے بعد چینی جہازوں پر اضافی پورٹ فیس نافذ کرنے کے فیصلے کے ردعمل میں اٹھایا گیا جو آئندہ منگل سے مؤثر ہوگا۔ چینی وزارت ٹرانسپورٹ نے مزید واضح کیا کہ جن جہازوں پر یہ فیس لاگو ہوگی ان میں وہ بحری جہاز بھی شامل ہیں جو امریکی کمپنیوں، تنظیموں یا افراد کے زیر ملکیت یا آپریٹ کیے جا رہے ہوں جن اداروں میں امریکی مفاد (براہِ راست یا بلاواسطہ) 25 فیصد یا اس سے زیادہ ہو اور وہ تمام بحری جہاز جو امریکی ہوں یا امریکہ میں تیار کیے گئے ہوں۔ سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق چین نے اعلان کیا کہ یہ خصوصی فیس مرحلہ وار عائد کی جائے گی، پہلے مرحلے میں 14 اکتوبر سے ایسے تمام امریکی بحری جہازوں کیلیے فیس 400 یوان فی نیٹ ٹن (تقریباً 56.3 امریکی ڈالر) مقرر کی گئی ہے ۔ یہ فیس آئندہ تین سالوں تک ہر سال 17 اپریل کو بتدریج بڑھائی جائے گی۔ وزارت نے اس فیصلے کو چینی بحری کمپنیوں کے قانونی حقوق و مفادات کے تحفظ کیلیے جائز اقدام قرار دیا ہے ۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ امریکی اقدامات بین الاقوامی تجارتی اصولوں اور چین-امریکہ بحری نقل و حمل کے معاہدے کی سنگین خلاف ورزی ہیں جن سے دونوں ممالک کے درمیان بحری تجارت کو شدید نقصان پہنچا ہے ۔ چینی وزارت نے امریکا پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر اپنی غلط پالیسیوں کی اصلاح کرے اور چین کی بحری صنعت کو بلاجواز دبانے کا سلسلہ بند کرے ۔