بیجنگ، 24 ستمبر (یو این آئی) چین نے سمندری طوفان ریگاسا کے خدشے کے پیش نظر 10 شہروں میں اسکول اور کاروبار بند کر نے کا حکم دیا ہے ۔ رپورٹ کے مطابق چین نے منگل کو حکم دیا ہے کہ سمندری طوفان ‘ریگاسا’ کے ملک کے جنوبی حصے میں داخل ہونے سے پہلے کم از کم 10 شہروں میں اسکول اور کاروبار بند کیے جائیں۔ لوگوں کی حفاظت کے لیے کیے جانے والے یہ اقدامات کروڑوں افراد کو متاثر کریں گے اور چین کے صنعتی مرکزمیں متعدد فیکٹریاں بند ہوں گی۔ چینی ٹیکنالوجی کا اہم شہر شینزین نے 4 لاکھ افراد کو شہر چھوڑنے کا حکم دیا ہے اور ایمرجنسی حکام نے خبردار کیا ہے کہ یہاں تیز ہوائیں، بارش، لہریں اور سیلاب آسکتے ہیں۔ اتھارٹیز نے ایک بیان میں کہا کہ صرف ایمرجنسی ریسکیو عملہ اور وہ لوگ جو عوام کی ضروریات پوری کرتے ہیں باہر نکلیں، باقی لوگ بلاوجہ باہر نہ آئیں۔ مزید کہا گیا کہ دوپہر سے کام اور دکانیں بند ہو جائیں گی۔ گوانگ ڈونگ صوبے کے دیگر شہر جہاں معطلی کے اقدامات نافذ کیے جا رہے ہیں، ان میں چاؤژو، ژوہائی، ڈونگ گوان اور فوشان شامل ہیں۔