چین میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں ترک صدر اردغان کی شرکت

   

انقرہ۔ 30 اگست (یو این آئی) ترکیہ کے مواصلاتی ڈائریکٹر برہان الدین دوران نے جمعہ کو ترک سوشل میڈیا پلیٹ فارم این سوشل پر ایک پوسٹ کے ذریعہ اعلان کیا ہے کہ ترک صدر رجب طیب اردغان 31 اگست تا یکم ستمبر شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کی 25ویں سربراہان مملکت کونسل کے اجلاس میں مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی غرض سے چین کے شہر تیانجن کا دورہ کریں گے ۔ یہ دورہ اردغان کا پانچ سال بعد چین کا پہلا دورہ ہوگا اور انقرہ اور بیجنگ کے درمیان بڑھتے ہوئے اسٹریٹجک تعلقات کے پس منظر میں ہو رہا ہے ۔ اجلاس کے دوران، اردغان ایس سی او کے توسیعی اجلاس سے خطاب کریں گے اور چینی صدر شی جن پنگ سمیت دیگر شریک رہنماؤں کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں کریں گے ۔ اس سال کا ایس سی او اجلاس عالمی بحرانوں کے پس منظر میں خاص اہمیت رکھتا ہے ، کیونکہ روس۔یوکرین جنگ بندی پر سوالیہ نشان موجود ہے اورعالمی معیشت امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی ٹیرف پالیسیوں کے اثرات سے دوچار ہے ۔ ترکیہ کی نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے جوائنٹ وار انسٹیٹیوٹ کے پروفیسر مہمت اوزکان نے کہا ہے کہ ایس سی او اجلاس میں شرکت کے ذریعہ ترکیہ کا مقصد اپنی موجودگی کو ظاہر کرنا، دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانا اور تنظیم کے فریم ورک کے اندر کثیر الجہتی طور پر مشغول ہونا ہے ۔