چین میں کورونا وائرس مہلوکین کی تعداد 2943 ہوگئی

,

   

بیجنگ، 3 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) چین میں خوفناک کورونا وائرس سے 31 مزید افراد کی موت کے بعد مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 2943 ہو گئی ہے ۔چین کی ہیلتھ کمیٹی نے منگل کو بتایا کہ کورونا وائرس سے متاثر افراد کی تعداد بڑھ کر 80،151 ہو گئی ہے ۔ 31 صوبوں سے ملنے والی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق 47204 لوگوں ٹھیک ہونے کے بعد ہاسپٹلس سے چھٹی دے دی گئی ہے ۔قابل غور ہے کہ چین میں کورونا وائرس کا پہلا کیس ہبوئی کے شہر ووہان میں گزشتہ سال دسمبر میں سامنے آیا تھا اور تب سے لے کر اب تک اس خطرناک وائرس سے ابتک 2943 افراد ہلاک ہو چکے ہیں ۔خیال رہے یہ وائرس دنیا کے 50 سے زائد ممالک میں پھیل چکا ہے ۔

چین سے باہر کورونا وائرس کے کیسز میں نو گنا اضافہ : ڈبلیو ایچ او
برسلز ۔ 3 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کہا ہے یورپ اور امریکہ سمیت دنیا میں کورونا وائرس کے کیس جس تیزی سے پھیل رہے ہیں، ایسا پہلے نہیں دیکھا گیا۔ تاہم ڈبلیو ایچ او نے کہا کہ اگر مناسب اقدامات کیے جائیں تو اس وائرس کا پھیلاؤ روکا جا سکتا ہے۔ پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران چین سے باہر کورونا وائرس سے متاثر نئے کیسز کی تعداد چین کے مقابلے میں نو گنا زیادہ رہی۔ چین میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 125 نئے کیسز سامنے آئے۔ جنوبی کوریا میں 600 نئے کیسز سامنے آئے اور وہاں اب یہ تعداد چار ہزار آٹھ سو تک پہنچ گئی ہے۔ یورپی یونین میں سب سے زیادہ متاثرہ ملک اٹلی ہے جہاں یہ تعداد دو ہزار سے بڑھ گئی ہے۔ دنیا بھر میں متاثرہ لوگوں کی تعداد نوے ہزار تک پہنچ گئے ہے جبکہ تین ہزار سے زائد لوگ اس جان لیوا انفیکشن سے ہلاک ہوچکے ہیں۔

اٹلی میں کورونا وائرس سے اب تک 52افراد ہلاک
روم ،3 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) اٹلی میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 52 ہو گئی ہے اور تقریباً 2036 افراد اس وائرس کی زد میں ہیں۔سول ڈیفنس کے سربراہ ینجیلو بوریلي نے پیر کو بتایا کہ کورونا وائرس سے اب تک 62 افراد ٹھیک ہو ئے ہیں جس کے بعد صحتیاب ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 149 ہو گئی ہے ۔ اس جان لیوا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 34 سے 52 ہو گئی ہے ۔ بوریلی کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثر لوگوں کی تعداد بھی بڑھ کر 2036 ہو گئی ہے جو ہفتہ تک 1577 تھی۔قابل ذکر ہے کہ عالمی سطح پر کورونا وائرس سے اب تک 85،000 افراد متاثر ہوئے ہیں جس سے 2،900 افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور تقریبا 40،000 کو علاج کے بعد اسپتالوں سے چھٹی دی جا چکی ہے ۔

امریکہ میں کورونا وائرس سے اب تک 6افراد کی موت
واشنگٹن، 3 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ میں خطرناک کورونا وائرس سے چار مزید افراد کی موت ہو گئی ہے جس کے بعد اس وائرس سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر چھ ہو گئی ہے ۔ہیلتھ اہلکاروں نے پیر کو یہ اطلاع دی۔ ہیلتھ افسر ڈاکٹر جیفری ڈیوکن نے کہا‘‘چار نئے معاملہ درج کئے گئے ہیں جن میں سے دو کی موت ہو گئی ہے جبکہ پہلے سے متاثرہ ایک شخص کی موت ہو گئی ہے ۔اس کے علاوہ واشنگٹن کی اسٹیٹ ہیلتھ افسر ڈاکٹر کیتھی لائے نے بتایا کہ واشنگٹن میں کورونا وائرس کے کم از کم 18 معاملہ درج کئے گئے ہیں جبکہ جان لیوا وائرس سے اب تک چھ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔اس سے پہلے امریکہ میں دو افراد کی موت کورونا وائرس کی وجہ سے ہو ئی تھی۔قابل ذکر ہے کہ عالمی سطح پر پرکورونا وائرس سے اب تک 85،000 افراد متاثر ہوئے ہیں جس سے 3000 سے زیادہ لوگوں کی موت ہو چکی ہے اور تقریبا 40،000 کو علاج کے بعد اسپتالوں سے چھٹی دی جا چکی ہے ۔ یہ وائرس دنیا کے 50 سے زائد ممالک میں پھیل چکا ہے ۔

جنوبی کوریا میں مہلک کورونا وائرس کے 477نئے معاملے
سیول، 03 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی کوریا نے آج کورونا وائرس کے 477 نئے معاملوں کی تصدیق کی جس سے ملک میں متاثرہ لوگوں کی تعداد بڑھ کر 4،812 ہو گئی ہے ۔ملک میں اس خطرناک وائرس سے تین اور لوگوں کی موت ہونے سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 29 ہو گئی ہے ۔کوریا میں بیماریوں پر قابو پانے اور اس کی روک تھام کا مرکز(کے سی ڈی سی) مقامی وقت کے مطابق دن میں دو بار صبح 10 بجے اور شام پانچ بجے اپ ڈیٹ ڈیٹا فراہم کر رہا ہے ۔اس مہلک وائرس کے انفیکشن میں گزشتہ 13 دن میں مزید اضافہ ہوا ہے اور 19 فروری سے دو مارچ کے درمیان 4304 نئے کیس سامنے آئے ہیں۔دایوگ میں متاثرہ لوگوں کی تعداد بڑھ کر 3600 اور شمالی گیونگسینگ میں 685 افراد اس جان لیوا بیماری سے متاثر ہوئے ہیں۔ملک میں تین جنوری سے تقریبا 57،000 لوگوں کے ٹیسٹ کئے گئے ہیں اور ان میں سے 35،298 لوگوں کے ٹیسٹ نگیٹیو پائے گئے ہیں اور 21،097 لوگوں کی جانچ کی جا رہی ہے ۔

ہندوستانی نژاد امریکی خاتون سیما ورما کوروناوائرس ٹاسک فورس کی رکن
واشنگٹن ۔ 3 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) معروف ہندوستانی نژاد امریکی خاتون ہیلتھ پالیسی کنسلٹنٹ سیماورما کو وائیٹ ہاؤس کی کورونا وائرس ٹاسک فورس کا ایک اہم رکن مقرر کیا گیا ہے جس کی تشکیل امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے مہلک کوروناوائرس سے نمٹنے کیلئے کی ہے جس کی وجہ سے امریکہ میں اب تک 6 افراد ہلاک اور زائد از 90 متاثر ہوچکے ہیں۔ مذکورہ ٹاسک فورس کی قیادت وزیرصحت و انسانی خدمات الیکس آذر کریں گے۔