چین میں کورونا کے 11 نئے کیس ‘ وائرس دوبارہ پھیلنے کے اندیشے

,

   

بیجنگ 26 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) چین نے توثیق کی ہے کہ ملک میں کورونا وائرس سے 11 افراد متاثر ہوئے ہیں ۔ ان میں چھ افراد ایسے ہیں جنہیں مقامی سطح پر یہ وائرس لگا ہے ۔ اس طرح اب تک چین میں اس وائرس کی وجہ سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 82,827 تک جا پہونچی ہے ۔ وزارت صحت کے ایک سینئر عہدیدار نے انتباہ دیا ہے کہ اگر بیرونی ممالک سے آنے والے افراد میں اس وائرس کی شدت ہوتی ہے تو پھر ملک میں ایک دوسرے سے اس وائرس کے دوبارہ پھیلنے کے اندیشوں کو مسترد نہیں کیا جاسکتا ۔ چین نے یہ دعوی بھی کیا ہے کہ گذشتہ 10 دن میں وہاں کورونا وائرس کی وجہ سے کوئی موت واقع نہیں ہوئی ہے اور اب بھی مہلوکین کی تعداد 4,632 ہی ہے ۔ نیشنل ہیلت کمیشن کی جانب سے آج جاری کردہ ڈاٹا میں یہ بات بتائی گئی اور کہا گیا ہے کہ 11 نئے افراد اس وائرس کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔ ان میں چھ افراد ایسے ہیں جنہیں مقامی سطح پر اس وائرس کا انفیکشن ہوا ہے جبکہ پانچ افراد ایسے ہیں جو بیرون ملک سے واپس آئے ہیں۔ کہا گیا ہے کہ پانچ افراد اس صوبہ میں متاثر ہوئے ہیں جو روس سے ملنے والی سرحد سے لگا ہوا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ 30 افراد کو مشتبہ زمرہ میں رکھا گیا ہے کیونکہ ان میں کورونا کی معمولی سی علامات پائی جاتی ہیں۔ انہیں قرنطینہ میں بھی رکھا گیا ہے ۔ نیشنل ہیلت کمیشن نے بتایا کہ ملک بھر میں ایک ہزار افراد ایسے ہیں جن میں یہ علامات معمولی نوعیت کی پائی جاتی ہیں اور حکام کی جانب سے ان کی نگرانی کی جا رہی ہے ۔ چین نے آج یہ دعوی بھی کیا ہے کہ اس نے ووہان شہر میں ‘ جہاں سے یہ وباء پھوٹی تھی ‘ اس وائرس پرقابو پالیا ہے اور وہاں تمام ایسے افراد کو اس وائرس سے متاثر ہوئے تھے اب صحتیاب ہوچکے ہیں اور انہیں دواخانوں سے گھر بھیج دیا گیا ہے۔ جو مشتبہ مریض ہیں ان میں 152 بیرون ملک سے واپس آئے ہیں۔