چین نے امریکہ ۔جاپان اعلامیہ مسترد کردیا

   

واشنگٹن : امریکی صدر جوبائیڈن اور جاپانی وزیراعظم یوشی ہیدے سوگا کی ملاقات پر چینی سفارتخانے کا ردعمل سامنے آگیا۔ چینی سفارتخانے نے اپنے بیان میں کہا کہ تائیوان، ہانگ کانگ اور سنکیانگ چین کے داخلی امور ہیں۔ چینی سفارتخانے نے کہا کہ چین کے داخلی امور میں مداخلت نہیں کی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ جاپان کے مشترکہ بیان کی مخالفت کرتے ہیں۔ چینی سفارتخانہ کی جانب سے مزید کہا گیا کہ امریکہ جاپان مشترکہ بیان خطے میں امن و استحکام کے لیے خطرہ ہے۔ یاد رہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن نے 20 جنوری 2021ء کو اقتدار سنبھالنے کے بعد جمعہ کے روز پہلی بار وائٹ ہاؤس میں کسی غیر ملکی رہنما کا استقبال کرتے ہوئے جاپانی وزیراعظم یوشی ہیدے سوگا سے ملاقات کی تھی۔ مذاکرات کے بعد دونوں سربراہان نے مشترکہ پریس کانفرنس بھی کی۔ جو بائیڈن نے اس ملاقات کو نتیجہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم سوگا اور انہوں نے واشنگٹن ٹوکیو اتحاد اور مشترکہ سلامتی کے لیے تعاون پر اتفاق کیا ہے۔ دونوں رہنماؤں کی ملاقات کے ایجنڈا میں چین سرفہرست رہا۔ بائیڈن نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین اتحادی روابط پر ایک بار پھر زور دیا گیا ہے۔