چین نے دو بحری جنگی جہاز پاکستان کو فراہم کر دیئے

   

بیجنگ : چین نے دو بحری فریگیٹ جہاز تیار کر کے پاکستان کی نیوی کے حوالے کر دیے ہیں۔ میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان نے 2018 میں چین سے چار بحری جنگی جہاز فراہم کرنے کا معاہدہ کیا تھا۔ دنیا کے اس سب سے پیچیدہ جیو پولیٹیکل خطہ میں ان دونوں ملکوں کے درمیان فوجی تعاون گہرا ہو رہا ہے اور پاکستان چین کی مدد سے لڑاکا جیٹ طیارے تھنڈر بھی بنا رہا ہے۔ چین کے سرکاری حمایت یافتہ چینی زبان کے اخبار گلوبل ٹائمز نے بدھ کے روز اپنی ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ یہ اے 054 فریگیٹس قسم کے جہاز ہیں جنہیں پاکستان چین اقتصادی راہداری(سی پیک) کے سمندروں کی حفاظت کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ سی پیک انفراسٹرکچر کا ایک بڑا منصوبہ ہے جو چین کے مغربی حصے میں واقع سنکیانگ علاقہ کو پاکستان سے ملاتا ہے۔ اس منصوبہ کا مقصد مستقبل میں ایندھن سمیت تجارتی سامان کی نقل و حرکت کے لیے متبادل راستہ مہیا کرنا ہے۔ یہ نیٹ ورک پاکستان کی بحیرہ عرب پر واقع گوادر بندرگاہ سے ملاتا ہے جو ایک اہم آبی گزرگاہ پر واقع ہے۔ بدلتے ہوئے جغرافیائی سیاسی پس منظر میں دونوں پڑوسی ملکوں کے درمیان اقتصادی اور فوجی تعلقات مزید گہرے ہوئے ہیں، جس کا اظہار پاکستان کی چین سے بڑھتی ہوئی فوجی خریداری اور اثاثوں اور تجارتی راستوں کی حفاظت کے لیے مشترکہ فوجی مشقوں سے ہوتا ہے۔