بیجنگ، 27 مئی (یو این آئی)چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ نِنگ نے روس کو فوجی سازوسامان فراہم کرنے سے متعلق کیف کی رپورٹس کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یوکرین میں جاری تنازعہ میں کسی بھی فریق کو کبھی مہلک ہتھیار فراہم نہیں کیے ۔چینی وزارت خارجہ نے ایک پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ چین نے یوکرین میں جاری تنازع میں کسی بھی فریق کو کبھی مہلک ہتھیار فراہم نہیں کیے اور وہ دوہری استعمال کی فوجی اور سویلین اشیا پر سخت کنٹرول رکھتا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ یوکرینی فریق اس بات سے بخوبی واقف ہے اور چین بے بنیاد الزامات اور سیاسی چالوں کی سختی سے مخالفت کرتا ہے ۔ یوکرین کے انٹیلیجنس چیف نے گزشتہ روز یہ دعویٰ کیا تھا کہ چین، روس کی 20 فوجی فیکٹریوں کو مشین ٹولز، بارود اور دیگر اہم مصنوعات فراہم کر رہا ہے ۔یہ الزامات ایسے وقت میں سامنے آئے ، جب روس اور یوکرین، ترکیہ میں مذاکرات کے بعد قیدیوں کے تبادلے کر رہے ہیں، چند روز قبل قیدیوں کے تبادلے میں دونوں ممالک نے 390 ،390 فوجی اور شہریوں کا تبادلہ کیا تھا۔چند روز قبل یوکرینی صدر وولوڈیمیر زیلنسکی نے اعلان کیا تھا کہ مزید 307 یوکرینی قیدی کریملن کے ساتھ معاہدے کے تحت وطن واپس آ گئے ہیں۔17 مئی کو دونوں ممالک نے ایک ایک ہزار قیدیوں کے تبادلے پر اتفاق کیا تھا، قیدیوں کا یہ تبادلہ 3 سال کے بعد دونوں فریقوں کے درمیان پہلی ملاقات کے بعد ہوا تھا، جو ترکیہ میں ہوئی تھی۔