بیجنگ: صدر ژی جن پنگ نے دعویٰ کیا ہے کہ چین نے اقوام متحدہ کے غربت میں کمی کے ہدف کو 9 کروڑ 89 لاکھ افراد کو غربت سے نکال کر 10 سال پہلے ہی مکمل کرلیا ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چینی صدر نے کمیونسٹ پارٹی آف چائنا اور ورلڈ پارٹی لیڈرز کے اجلاس سے خطاب میں بتایاکہ کہ سی پی سی کی 18 ویں قومی کانگریس کے بعد سے اب تک 9 کروڑ 89 لاکھ دیہاتوں میں مقیم غریب عوام کو چین کے موجودہ معیارات کے تحت غربت سے نکال دیا گیا ہے۔چینی صدر نے دعویٰ کیا کہ پائیدار ترقی کے لیے اقوام متحدہ کے 2030 ایجنڈے کی غربت میں کمی کے ہدف کو شیڈول سے 10 سال پہلے ہی حاصل کرلیا گیا ہے ۔سی پی سی انسانیت کی غربت میں کمی کے عمل میں مزید چینی طریقہ کار اور چینی قوت فراہم کرنے کیلئے تیار ہے۔ژی جن پنگ نے پارٹی رہنماؤں کو نصیحت کی کہ سیاسی جماعتیں درست سمت میں عوام کی خوشحالی، غربت کے خاتمے اور انسانوں کی فلاح بہبود کے لیے اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں۔چینی صدر نے نشاندہی کی کہ مشترکہ چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کیلئے انسانوں کو مل کر جدوجہد کرنی چاہیے اور یہی واحد راستہ ہے۔ اگر مشترکہ مستقبل کا نقطہ نظر اپنایا جائے تو ہر جگہ تعاون کے مواقع موجود ہیں۔ غربت کا خاتمہ تمام ممالک کے عوام کی مشترکہ خواہش ہے۔
