چین کورونا وائرس ویکسین پاکستان کو فراہم کریگا: امریکی اخبار

   

واشنگٹن : امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے دعویٰ کیا ہے کہ چین کورونا وائرس کیلئے چائنا نیشنل فارماسیوٹیکل گروپ (سینوفارم) کی تیار کردہ ویکسین آزمائشی بنیاد پر پاکستان کو فراہم کریگا۔وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق سرکاری کمپنی سینوفارم ویکیسن کی آزمائش کیلئے یونیورسٹی آف کراچی کے ساتھ کام کر رہی ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کو ویکسین اتنی تعداد میں موصول ہوگی جو آبادی کے تقریباً پانچویں حصے کیلئے کافی ہوگی۔ویکسین کے استعمال کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ ابتدائی طور پر حاصل ہونے والی ویکسین پاکستان میں غریب علاقوں سمیت بزرگوں، طبی عملے اور کووڈ۔19 سے متاثرہ تشویشناک حالت میں موجود مریضوں میں استعمال کی جائیگی۔قبل ازیں سینوفارم نے اپریل میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) اسلام آباد کو پاکستان میں کووڈ۔19 کی ویکسین کی آزمائش کی پیشکش کی تھی۔چائنا سینوفارم انٹرنیشنل کارپوریشن کے جنرل منیجر لی کین کی جانب سے این آئی ایچ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر میجر جنرل ڈاکٹر عامر اکرام کو بھیجے گئے خط میں توقع ظاہر کی گئی تھی کامیاب آزمائش سے پاکستان ان ابتدائی چند ممالک میں شامل ہوگا جنہوں نے کووڈ۔19 کی ویکسین تیار کرلی ہوگی۔ڈاکٹر عامر اکرام نے بتایا کہ اس مقصد کے لیے منظوری کی ضرورت ہے لیکن یہ اشتراک پاکستان کے لیے عظیم ہوسکتا ہے۔محقیقن کا کہنا تھا کہ سینوفارم کی کورونا وائرس ویکسین محفوظ اور اینٹی باڈی کی بنیاد پر فوری مدافعت اور درمیانی مرحلے میں کارآمد ہوگی۔ویکسین کی آزمائش حتمی مراحل میں داخل ہوچکی ہے اور منظوری کیلئے کئی اسپتالوں میں اسے آزمایا جارہا ہے ۔