برلن ۔20 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام)جرمنی نے چین میں برہمی کی لہر پیدا کردی جب ایک بڑے اخبار نے کورونا وائرس عالمی وباء سے ہورہے نقصانات کے سلسلے میں چین کیخلاف 130 بلین پاؤنڈ کا بل جاری کیا ہے ۔ چین کے خلاف کورونا وائرس پھیلنے کے بعد سے امریکہ خاص طورپر سازش کے الزامات عائد کرتا آرہا ہے ۔ اُس کے ساتھ برطانیہ اور فرانس بھی امریکہ کی تائید کرتے نظر آئے اور اب جرمنی کی طرف سے ہرجانے کی بات نے بیجنگ حکومت کو برہم کردیا ہے ۔ برلن نے عالمی وباء کے لئے بیجنگ کو ذمہ دار قرار دیا اور کہا کہ اُنھیں اس کا ہرجانہ دینا ہوگا ۔ کورونا وائرس کی وباء چین کے شہر ووہان سے ڈسمبر 2019 ء کے اوآخر میں شروع ہوئی تھی ۔ حالیہ عرصہ میں بیجنگ نے ایسا لگتا ہے کہ وباء اور اس سے پیداشدہ بحران پر قابو پالیا ہے جو دیگر دنیا کے لئے حیران کن اور بیجنگ سے مزید متنفر کرنے والی تبدیلی ہے ۔