واشنگٹن : اطلاعات کے مطابق چین بین البر اعظمی بیلسٹک میزائلوں کا ذخیرہ کرنے کے لیے سو سے زائد زیر زمین گودام تعمیر کر رہا ہے۔امریکہ نے چین کے بین البر اعظمی بیلسٹک میزائلوں (آئی سی بی ایم) کے پروگرام میں تیزی سے ہونے والی توسیع کو تشویش ناک قرار دیا ہے۔ حالیہ برسوں میں بیجنگ اپنی عسکری صلاحیتوں کو تیزی سے وسعت دے رہا ہے۔معروف امریکی اخبار ‘واشنگٹن پوسٹ’ میں چہارشنبہ کے روز ایک رپورٹ شائع ہوئی تھی جس میں کہا گیا ہے کہ چین شمال مغربی شہر یومین کے پاس ایک صحرا میں طویل فاصلے تک مار کرنے والے بین البر اعظمی میزائلوں کو محفوظ طریقے سے رکھنے کے لیے سو سے بھی زیادہ سیلوس (زیر زمین گودام یا گڈھے) تعمیر کر رہا ہے۔ یہ مضمون ایک سیٹلائٹ سے حاصل شدہ تصاویر سے اخذ کیے گئے مواد پر مبنی ہے۔
