واشنگٹن؍ بیجنگ : امریکہ اور چین دونوں کا کہنا ہے کہ بات چیت سود مند رہی اور فریقین نے رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔ یہ ملاقات امریکی نائب وزیر خارجہ ڈینیل کرائٹن برِنک اور ان کے ہم منصب ما ڑاؤشو کے مابین ہوئی۔ چینی وزارت خارجہ نے منگل 6 جون کے روز بتایا کہ امریکی نائب وزیر خارجہ ڈینیل کرائٹن برِنک نے چینی نائب وزیر خارجہ ما ڑاؤشو اور اعلیٰ سفارت کار یانگ تاؤ کے ساتھ پیر کے روز بیجنگ میں بات چیت کی۔ یہ بات چیت امید افزا رہی اور فریقین نے باہمی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔ بیجنگ میں ملکی وزارت خارجہ نے بتایا، ”فریقین کے درمیان چینی امریکی تعلقات کو بہتر بنانے کے حوالے سے دو ٹوک، صاف صاف، تعمیری اور مؤثر انداز میں مکالمت ہوئی۔ کسی سینیئر امریکی سفارت کار کا چین کا یہ دورہ غیر معمولی تھا اور یہ بات چیت ایسے وقت پر ہوئی جب امریکہ اپنی حریف طاقتوں کے ساتھ کشیدگی کم کرنے کی کوششیں کر رہا ہے۔ چین حکام کے مطابق فریقین نے گزشتہ سال نومبر میں بالی میٹنگ میں دونوں ملکوں کے سربراہان مملکت کے مابین ہونے والے اتفاق رائے کے مطابق باہمی اختلافات کو مناسب طریقہ سے دور کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔ چینی وزارت خارجہ نے کہا کہ فریقین باہمی رابطہ جاری رکھنے پر بھی متفق ہیں۔