چین، روس اور ایران کا تہران پر پابندیوں کے خاتمہ کا مطالبہ

   

بیجنگ؍ ماسکو ؍ تہران : تینوں ممالک نے ایران پر امریکی پابندیوں کے فوری خاتمہ اور ایرانی نیوکلیر پروگرام پر مذاکرات دوبارہ شروع کرنے پر زور دیا ہے۔ بیجنگ میں ہونے والی سہ فریقی بات چیت کے بعد مذاکرات کو ہی واحد قابل عمل حل قرار دیا گیا۔ چین، روس اورایران کے نمائندوں نے تہران پر امریکی پابندیاں ختم کیے جانے اور ایرانی نیوکلیر پروگرام کے حوالے سے کثیر القومی مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کا مطالبہ کیا۔ ان تینوں ممالک کی جانب سے یہ مطالبہ آج چودہ مارچ بروز جمعہ سامنے آیا۔ یہ پیشرفت امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے سپریم لیڈر خامنہ ای کو بات چیت شروع کرنے کے لیے ایک خط لکھے جانے کے بعد سامنے آئی ہے۔ یہ خط، جسے شائع نہیں کیا گیا، اس وقت لکھا گیا جب ٹرمپ نے اپنی ’’زیادہ سے زیادہ دباؤ‘‘ برقرار رکھنے کی مہم کے ایک حصہ کے طور پر ایران پر نئی پابندیاں عائد کیں،جن میں تہران کے خلاف فوجی کارروائی کا امکان بھی موجود ہے اورساتھ ہی اس بات پر بھی زور دیا گیا ہیکہ ایک نیا معاہدہ بھی طے پا سکتا ہے۔