حیدرآباد : /12 اکٹوبر (سیاست نیوز) سائبرکرائم پولیس نے کروڑہا روپئے کے چینی سرمایہ کاری دھوکہ دہی ریاکٹ کو بے نقاب کرتے ہوئے 10 افراد کو گرفتار کرلیا ۔ ملک میں پہلی مرتبہ بڑے پیمانے پر کارروائی کی گئی ہے۔ پولیس کمشنر حیدرآباد سی وی آنند نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ 903کروڑ روپئے کے چینی سرمایہ کاری دھوکہ دہی معاملہ کو بے نقاب کرتے ہوئے 10 افراد کو گرفتار کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ آن لائن رقومات حاصل کرتے ہوئے اسے حوالے کے ذریعہ دیگر ممالک کو منتقل کیا جارہا تھا ۔ سائبر کرائم پولیس نے ساحل بجاج ، سنی عرف پنکج ، ویریندر سنگھ ، سنجے یادو ، نونیت کوشیک ، محمد پرویز ، سید سلطان ، مرزا ندیم بیگ (حیدرآباد) اور چینی باشندہ لیک عرف لی زونگ جونگ اور تائیوان کے باشندے چوچونیو کو گرفتار کیا ہے ۔ گزشتہ کئی مہینوں سے چینی باشندے بین الاقوامی دھوکہ دہی کا ریاکٹ چلارہے تھے ۔ سائبر کرائم پولیس نے تارناکہ کے ساکن ایک شخص کی شکایت پر مقدمہ درج کیا۔ تارناکہ کے ساکن متاثرہ شخص نے Loxam ایپ میں سرمایہ کاری کے نام پر 1.6 لاکھ روپئے منتقل کئے تھے جو زندائی ٹکنالوجیز پرائیوٹ لمیٹیڈ کے اکاؤنٹ میں منتقل کئے گئے ۔ سی وی آنند نے کہا کہ چینی باشندہ لیک جسے دہلی میں انٹلیجنس بیورو کے ڈیٹینشن سنٹر میں رکھا گیا تھا کو حراست میں لینے کے بعد کڑی تفتیش کی گئی جس نے کئی انکشافات کئے۔ زندائی ٹکنالوجیز اور بیٹینک نیٹ ورک پرائیویٹ لمیٹیڈ کا ایک ہی بینک کھاتہ سے تعلق ہے جسے دہلی کے ساکن وریندر سنگھ نے کھولا تھا ۔ یہ معلوم ہوا ہے کہ ایک اور چینی باشندہ جیک نے انٹرنیٹ بینکنگ کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے سنجے کمار اور دیگر کیلئے 15 بینک کھاتے کھولے ۔ تائیوان کا باشندہ چوچونیو جو ممبئی میں مقیم تھا وہ بینک کھاتوں کے یوزر آئی ڈی اور پاسورڈ وغیرہ فراہم کیا کرتا تھا ۔ یہ رقومات حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے سید سلطان ، مرزا ندیم بیگ اور محمد پرویز کے بینک کھاتوں میں بھی منتقل کئے گئے تھے اور یہ رقومات کو دوبئی میں مقیم عمران کے بینک کھاتوں میں منتقل کیا گیا تھا ۔ دھوکہ دہی کے ذریعہ حاصل کی گئی رقومات کو نونیت کوشک ، کے ڈی ایکس فاریکس پرائیویٹ لمیٹیڈ کے ذریعہ ہندوستانی کرنسی کو ڈالر میں تبدیل کرکے اسے غیرقانونی طور پر حوالے کے ذریعہ بیرونی ممالک کو منتقل کیا جارہا ہے ۔ سائبر کرائم پولیس نے اس بات کا پتہ لگایا ہے کہ رنجن منی کارپوریشن پرائیویٹ لمیٹیڈ نے 7 مہینے کے وقفہ میں 441 کروڑ اور کے ڈی ایکس فاریکس پرائیویٹ لمیٹیڈ کے بینک کھاتے میں 462 کروڑ جمع کئے گئے تھے۔ سی وی آنند نے کہا کہ گرفتار شدہ افراد بالخصوص چینی اور تائیوانی باشندے کو سائبر کرائم پولیس حراست میں لے کر مزید تفتیش کرے گی اور کئی بینک کھاتوں کو بھی منجمد کیا جائے گا ۔ ب