نئی دہلی۔ 19 اگست (یواین آئی) دورہ ہندوستان پر آئے چینی وزیر خارجہ وانگ یی تین روزہ دورہ مکمل ہونے کے بعد بدھ کو یہاں سے براہ راست پاکستان جائیں گے جہاں وہ اپنے پاکستانی ہم منصب اور نائب وزیر اعظم محمد اسحاق ڈار سے بات چیت کریں گے ۔ چین کی وزارت خارجہ نے منگل کو کہا، “وانگ یی 20 سے 22 اگست تک پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کے ساتھ چین پاکستان وزرائے خارجہ کے اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے چھٹے دور میں شرکت کے لئے پاکستان کا دورہ کریں گے ۔ چینی وزارت خارجہ کے ایک ترجمان نے چین اور پاکستان کو غیر متزلزل اور سدا بہار دوست قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں فریق عملی تعاون بڑھانے کے لیے جامع بات چیت کریں گے ۔ تین سال میں چینی وزیر خارجہ کا یہ دوسرا دورہ پاکستان ہوگا۔