چینی کمپنی کیساتھ سندھو کا 50 کروڑ روپئے کا معاہدہ

   

حیدرآباد۔ 9 فروری (سیاست ڈاٹ کام) بیڈمنٹن کی ممتاز کھلاڑی پی وی سندھو نے چین کی اسپورٹس کمپنی ’’لی ننگ‘‘ کے ساتھ 50 کروڑ روپئے کی 4 سالہ اسپورٹس اسپانسرشپ معاملت طئے کی ہے۔ یہ معاملت چین کی کمپنی کی جانب سے گزشتہ ماہ بیڈمنٹن کے ایک اور کھلاڑی کے سری کانت کو چار سال کیلئے 35 کروڑ روپئے کی معاملت کے بعد سندھو کے ساتھ کی گئی ہے۔ سندھو کی اس کمپنی کے ساتھ معاملت بیڈمنٹن کی دنیا کی سب سے بڑی معاملت ہے۔ سندھو کی اس کمپنی سے معاملت بیڈ منٹن کی دنیا کی سب سے بڑی معاملت ہے ۔لی ننگ کی ہندوستان میں شراکت دار سن لائٹ اسپورٹس پرائیویٹ لمیٹیڈ کے ڈائرکٹر مہیندر کپور نے یہ بات بتائی۔ سندھو جن کا تعلق آندھراپردیش سے ہے ،کو 40کروڑروپئے کی رقم حاصل ہوگی جبکہ بقیہ رقم آلات کے لئے ہوگی ۔اس طرح یہ معاملت تقریبا ً50کروڑروپئے کی ہوگی۔2017میں پیوما کمپنی نے ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی کے ساتھ 100کروڑروپئے کی معاملت کی تھی جو آٹھ سال کے لئے تھی۔سندھو ریو اولمپکس میں سلور میڈل جیتنے والی پہلی خاتون بیڈ منٹن کھلاڑی ہیں، کو گزشتہ سال فوربس کی لسٹ میں سب سے زیادہ رقمی ادائیگی والی دنیا کی ساتویں کھلاڑی قرار دیاگیاتھا۔چین کی اس کمپنی کے ساتھ سندھو کا یہ دوسرا معاہدہ ہے جس نے سندھو کے ساتھ 1.25کروڑروپئے کا معاہدہ 2014-15کے لئے کیا تھا۔2016میں سندھو کے ساتھ تین سال کے لئے 3.5کروڑروپئے کا معاہدہ یونیکس کمپنی نے کیا تھا۔