ٹوکیو۔ 6 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کورونا وائرس کی وباء کے سبب بین الاقوامی سرگرمیوں میں خلل اندازی کا سلسلہ جاری ہے۔ جاپان میں چین اور جنوبی کوریا سے آنے والے لوگوں کیلئے جاری کردہ ویزے معطل کردیئے ہیں اور فیصلہ کیا ہیکہ 9 مارچ سے ایسے بیرونی افراد کو دو ہفتوں کیلئے گوشہ نشین کیا جائے گا۔ وزیراعظم شینزوابے نے کہا کہ مہلک وبائی مرض کے سبب سخت اقدامات کرنا پڑ رہا ہے۔ وہ جو ایران اور جنوبی کوریا کے حصوں کا سفر کرکے آرہے ہیں ، انہیں 7 مارچ سے جاپان میںداخلہ سے روکا جائے گا۔ قبل ازیں چینی صدر ژی جن پنگ نے جاپان کو اپنا دورہ ملتوی کیا تھا۔ کوروناوائرس کا مرکز چین کے شہر ووہان ہے اور پورے چین میں تقریباً 3000 اموات ہوچکی ہیں۔
سربیا میں کوروناوائرس کا پہلا معاملہ
بلغراد ۔ 6 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سربیا میں بھی کوروناوائرس کا پہلا معاملہ سامنے آیا ہے جو ایک ایسے شخص میں دریافت ہوا ہے جس نے ہنگری کا سفر کیا تھا۔ اس دوران ملک کے وزیرصحت زلاتی بورلونکار نے ایک پریس کانفرنس کے دوران سربیا میں کوروناوائرس کے پہلے معاملہ کی توثیق کی ہے۔ 43 سالہ شخص کا تعلق سوبوٹیکا (شمال) سے ہے اور اس نے حال ہی میں ہنگری کے دارالحکومت بڈاپسٹ کا دورہ کیا تھا۔