حیدرآباد ۔ 16 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کی رکن اسمبلی اور سابق وزیر پی سبیتا اندرا ریڈی نے ان کے حلقہ اسمبلی مہیشورم میں آر کے پورم ڈیویژن میں بونال تہوار کے لیے چیکس تقسیم کرنے کے لیے منعقدہ ایک پروگرام میں انہیں ڈائس پر مدعو نہ کرنے پر احتجاجاً فلور پر بیٹھ گئیں ۔ سابق وزیر نے کہا کہ عہدیدار پروٹوکول پر عمل کرنے میں ناکام ہوگئے ہیں اور پروٹوکول کو نظر انداز کردیا ہے ۔ بی آر ایس کے سینئیر قائد اور رکن اسمبلی ٹی ہریش راؤ نے پانچ وقت کی رکن اسمبلی اور تین مرتبہ وزیر رہنے والی اس رکن اسمبلی کو پروٹوکول نہ دینے پر حیرت کا اظہار کیا ۔ انہوں نے حالیہ اسمبلی انتخابات میں شکست خوردہ کانگریس قائد کے لکشما ریڈی کو ڈائس پر مدعو کرنے پر عہدیداروں پر نکتہ چینی کی ۔ اس دوران بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ نے اسمبلی اسپیکر کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے ریاست میں کانگریس برسر اقتدار آنے کے بعد کی جارہی پروٹوکول کی خلاف ورزی اور منظم انداز میں بی آر ایس کے ارکان اسمبلی کے حقوق کو گھٹانے پر روشنی ڈالی ۔ ان کے مکتوب میں کے ٹی آر نے ان کے مطابق اس طرح کے تکلیف دہ کلچر ، پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا ۔ جس میں اپوزیشن ارکان اسمبلی کے حقوق کو دانستہ طور پر روندا جارہا ہے ۔۔