ڈان 3:کون بنے گا نیا ڈان؟

   

Ferty9 Clinic

ممبئی 24 ڈسمبر (ایجنسیز) فرحان اختر کی مجوزہ فلم ڈان 3 ان دنوں مسلسل خبروں میں ہے۔ ہری ونش رائے بچن کی مشہور سطراگر یہ آپ کے دل میں ہے تو اچھا ہے، اگر یہ نہیں ہے تو اور بھی بہتر ہے ، اس صورتحال پر پوری طرح صادق آتی ہے۔ جب رنویر سنگھ کو نئے ڈان کے طور پر کاسٹ کیا گیا تو ایک طبقے نے اس فیصلے کی مخالفت کی، جبکہ کچھ لوگوں نے اسے ایک نیا تجربہ قراردیا۔ اب، فلم دھورندھر کی کامیابی کے بعد ڈان3 کے متعلق یہ خبریں سامنے آئی ہیں کہ رنویر سنگھ نے فلم سے کنارہ کشی اختیارکر لی ہے۔اگرچہ اس خبر کی باضابطہ تصدیق نہیں ہوئی لیکن کئی میڈیا رپورٹس کے مطابق رنویر سنگھ نے زومبی پر مبنی فلم پرلے کو ترجیح دی ہے۔ یہاں تک کہا جا رہا ہے کہ فلم بنانے والوں نے ڈان 3 کے لیے نئے چہرے کی تلاش بھی شروع کردی ہے۔ ڈان محض ایک فلم نہیں بلکہ ایک کامیاب فرنچائز ہے، جسے امیتابھ بچن اور شاہ رخ خان جیسے عظیم اداکاروں نے اپنی اداکاری سے یادگار بنایا ہے۔ کسی بھی نئے اداکار کا انتخاب نہایت سوچ سمجھ کرکرنا ہوگا، کیونکہ موازنہ ناگزیر ہوگا اور اس کا اثر فلم کی مقبولیت اور کمائی پر بھی پڑ سکتا ہے۔ رنویر سنگھ کے ممکنہ اخراج کے بعد کئی ایسے اداکار ہیں جو ڈان کے کردار میں فٹ بیٹھ سکتے ہیں۔ ان میں سب سے پہلا نام ریتک روشن کا آتا ہے۔ ان کا اسٹائل، جسمانی ساخت، ایکشن اور اسکرین پر مظاہرہ ڈان جیسے کردار کے لیے انتہائی موزوں ہے۔ ۔دوسرا مضبوط نام شاہد کپورکا ہے۔ شاہد نے گزشتہ برسوں میں مختلف اور چیلنجنگ کردار ادا کرکے اپنی اداکاری کی صلاحیت کو ثابت کیا ہے۔ چاہے وہ ہیرو ہوں یا اینٹی ہیرو، وہ ہرکردار میں گہرائی پیدا کرتے ہیں۔ ان کی اداکاری میں تنوع اور شدت انہیں ڈان کے کردار کے لیے ایک سنجیدہ امیدوار بناتی ہے۔اسی فہرست میں وکی کوشل بھی شامل ہیں، جنہیں اکثرکم سراہا جاتا ہے، لیکن ان کی اداکاری میں غیر معمولی پختگی ہے۔ وکی نے مختلف کرداروں میں خود کو منوایا ہے اور ان کی طاقت ان کے تاثرات اور اداکاری کی سچائی میں نظر آتی ہے۔ وہ ایک خاموش مگر خطرناک ڈان کے روپ میں ناظرین کو متاثرکر سکتے ہیں۔رنبیرکپور کے بارے میں یہ کہا جاتا ہے کہ وہ ابتدا میں ڈان 3 کے لیے پہلی پسند تھے، مگر انہوں نے مبینہ طور پر اس پیشکش کو ٹھکرا دیا تھا۔ تاہم، ان کی اداکاری، آواز اور اسکرین پر وقار موجودگی انہیں اس کردار کے لیے نہایت موزوں بناتی ہے۔ اگر مستقبل میں کوئی اتفاق ہوتا ہے تو رنبیر ڈان فرنچائزکو ایک نیا رخ دے سکتے ہیں۔