ڈاٹا چوری کے الزام میں آئی ٹی فرم کے خلاف مقدمہ درج

,

   

تلنگانہ پولیس کے مختلف مقامات پر دھاوے ۔ کمپنی کو ہراساں کیا جا رہا ہے : این لوکیش

حیدرآباد 3 مارچ ( پی ٹی آئی ) تلنگانہ پولیس نے شہر سے کام کرنے والی ایک آئی ٹی فرم کے خلاف سیوا مترا موبائیل ایپ کے ذریعہ رائے دہندوں کے ڈاٹا کا سرقہ کرنے پر ایک مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ یہ موبائیل اپلیکیشن تلگودیشم پارٹی نے آندھرا پردیش میں استعمال کیا تھا ۔ اس تبدیلی پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے آندھرا پردیش کے وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی این لوکیش نے کہا کہ تلنگانہ پولیس ان کمپنیوں کو ہراساں کر رہی ہے جنہیں ایسی اطلاعات کو درست کرنے کی ذمہ داری دی گئی تھی جس کے تمام حقوق تلگودیشم پارٹی کے پا س ہیں۔ ایک ڈاٹا تجزیہ نگار کی شکایت پر اس فرم کے خلاف ہفتہ کو ایک مقدمہ درج کیا گیا تھا ۔ پولیس نے بتایا کہ تعزیرات ہند اور آئی ٹی ایکٹ کی مختلف دفعات کے تحت یہ مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔ شکایت کنندہ نے الزام عائد کیا کہ تلگودیشم پاری کے فیس بک پیج پر لاگ آن کرنے کے بعد انہیں پتہ چلا کہ پارٹی کیڈر کی جانب سے کچھ موبائیل فونس اور ٹیب پر کام کرنے والے سافٹ ویر ایپس خاص طور پر سیوا مترا ایپ کے ذریعہ تلگودیشم کے انتخابی امکانات کو آگے بڑھانے کام کر رہے ہیں۔ حکومت آندھرا پردیش نے سرکاری اسکیمات کے نفاذ کو یقینی بنانے کیلئے یہ ایپ استعمال کئے تھے ۔ انہوں نے اپنی شکایت میں یہ بات بتائی ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ اس فرم کو مختلف سرکاری اسکیمات کے استفادہ کنندگان کے سرکاری ڈاٹا تک بڑی حد تک رسائی دی گئی ہے اور خاص طور پر لوگوں کے انفرادی خانگی ڈاٹا اور آدھار نمبر وغیرہ بھی فراہم کئے گئے ہیں۔ اے سی پی مادھا پور ڈویژن این شیام پرساد نے بتایا کہ مقدمہ درج کئے جانے کے بعد پولیس نے ہفتہ کو دھاوے بھی کئے اور یہ دھاوے آج بھی جاری رہے ۔تلنگانہ پولیس کے دھاووں پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے این لوکیش نے اپنے ٹوئیٹ میں کہا کہ یہ لوگ پارٹی کے رجسٹرڈ ارکان اورسیوا مترا کی اطلاعات حاصل کرنا چاہتے ہیں اور تلنگانہ پولیس ان کمپنیوں کو ہراساں کر رہی ہے جن کی خدمات ایسی اطلاعات کو باضابطہ بنانے حاصل کی گئی تھیں جن کے حقوق تلگودیشم پارٹی کے پاس ہیں۔اس دوران امراوتی سے موصولہ ایک اطلاع میں کہا گیا ہے کہ چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے اس مسئلہ پر ریاست کے ایڈوکیٹ جنرل ڈی سرینواس سے تبادلہ خیال کیا اور مختلف پہووں کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے یہ بھی غور کیا کہ موجودہ صورتحال میں ان کی حکومت کیا کارروائی کرسکتی ہے ۔ تلگودیشم کے ایک اور لیڈر نے کہا کہ ان کی پارٹی دوسرے قانونی امکانات کا بھی جائزہ لے رہی ہے ۔