حیدرآباد۔/4 اپریل، ( سیاست نیوز) ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اوپن یونیورسٹی نے تلنگانہ حکومت کے احکامات کے مطابق ملازمین کی تنخواہوں میں 50 فیصد کی کٹوتی کا فیصلہ کیا ہے۔ یونیورسٹی کے رجسٹرار کی جانب سے جاری کردہ احکامات کے مطابق ٹیچنگ، نان ٹیچنگ اور ٹیکنیکل ایمپلائز کی تنخواہوں میں 50 فیصد کی کٹوتی ہوگی جبکہ کلاس فورتھ ایمپلائز کی تنخواہوں میں 10فیصد کٹوتی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یونیورسٹی کے تمام ریٹائرڈ ٹیچنگ، ایڈمنسٹریٹیو، نان ٹیچنگ اور ٹیکنیکل ملازمین کے وظیفہ میں 50 فیصد کٹوتی ہوگی جبکہ درجہ چہارم ریٹائرڈ ملازمین کے وظیفہ میں 10فیصد کی کٹوتی کی جائے گی۔ آؤٹ سورسنگ، کنسلٹنٹ اور کنٹراکٹ ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد کٹوتی ہوگی۔ احکامات پر مارچ کی تنخواہ سے عمل آوری ہوگی جو یکم اپریل کو ادا کی گئی اور حکومت کے آئندہ احکامات تک یہ کٹوتی جاری رہے گی۔