حیدرآباد 5 ستمبر (سیاست نیوز) ٹیچرس ڈے کے موقع پر گورنر ہماچل پردیش مقرر کئے گئے بنڈارو دتاتریہ نے آج کہاکہ سابق صدرجمہوریہ ڈاکٹر سروے پلی رادھا کرشنن کے افکار و نظریات کو اپنانا انھیں حقیقی خراج ہوگا۔ ڈاکٹر رادھا کرشنن کے 131 ویں یوم پیدائش پر تعلیم کے میدان میں ان کی خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے دتاتریہ نے آج یہاں میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ سروے پلی رادھا کرشنن ایک پروفیسر تھے اور وہ ایک آئیڈیل ماہر تعلیم تھے۔ اسی لئے ان کے یوم پیدائش کو ٹیچرس ڈے کے طور پر منایا جاتا ہے۔ ڈاکٹر رادھا کرشنن نے طلبہ کی تدریس کے دوران ان کے نظریات پر عمل کیا اور اس طرح وہ تمام ٹیچرس کے لئے آئیڈیل ہیں۔ بنڈارو دتاتریہ نے کہاکہ ٹیچرس کو رادھا کرشنن جی کے نظریات کے مطابق کام کرنا چاہئے اور یہ انھیں حقیقی خراج ہوگا۔