7 بلین ڈالر کے مالک، دِیوی لیباریٹریز کا وسیع تر کاروبار
حیدرآباد ۔ یکم جولائی (سیاست نیوز) ہندوستان میں 2024 ء کے دوران 200 بلینرس کی فوربز نے نشاندہی کی ہے جن میں مکیش امبانی ہندوستان کے دولت مند ترین شخص ہیں۔ ان کے علاوہ ممبئی، دہلی، بنگلور اور حیدرآباد میں بھی دولت مند افراد کی کمی نہیں۔ ڈاکٹر مرلی کے دِیوی کا شمار حیدرآباد کے دولتمند ترین شخص میں ہوتا ہے جو 7 بلین ڈالر یعنی 58395 کروڑ ہندوستانی روپئے کے حامل ہیں۔ HURUN گلوبل رِچ لسٹ 2024 ء کے مطابق دِیوی لیباریٹریز کے بانی اور منیجنگ ڈائرکٹر کا شمار 2023-24 ء کے دولتمند افراد میں ہوتا ہے۔ دِیوی لیباریٹریز ایک ملٹی نیشنل فارماسیوٹیکل کمپنی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ایک سال کے دوران کمپنی کی آمدنی میں 40 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈاکٹر دِیوی لیاب دنیا میں فارماسیوٹیکل آلات اور اشیاء کی فروخت میں نمایاں مقام رکھتی ہے۔ کمپنی کی سالانہ آمدنی 965 ملین ڈالر ہے جو 8049 کروڑ ہندوستانی روپئے ہوتے ہیں۔ ڈاکٹر مرلی دِیوی کا شمار ہندوستان کے 33 ویں دولت مند افراد میں ہوتا ہے۔ 100 دولتمند افراد کی فہرست تیار کی گئی جس میں اُن کا نمبر 33 واں ہے۔ ان کے فرزندان ڈاکٹر کرن ایس دِیوی اور این پرساد دِیوی بھی کاروبار میں شریک ہیں۔ 1990 ء میں دِیوی لیباریٹریز کا قیام عمل میں آیا اور اُنھیں فارما انڈسٹری میں 15 سال کا وسیع تجربہ ہے۔ اُنھوں نے امریکہ میں اپنے کیرئیر کا فارماسسٹ کی حیثیت سے آغاز کیا اور بعد میں ہندوستان واپس ہوکر 1984 ء میں ڈاکٹر ریڈیز لیاب جوائن کیا جہاں 6 سال تک خدمات انجام دیتے رہے۔ ڈاکٹر مرلی دِیوی نے کاکتیہ یونیورسٹی سے فارماسیوٹیکل سائنسس میں پی ایچ ڈی کی ہے۔ 1